اکنا ریلیف کی سالانہ تقریب، کمیونٹی نے دل کھول کر عطیات دیے
امریکی فلاحی ادارے اکنا ریلیف کے زیرِ اہتمام نیویارک میں سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں تقریباً چھ لاکھ ڈالر جمع ہوئے۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔
اکنا ریلیف نیویارک کا سالانہ فنڈ ریزر بعنوان "Be the Door of Opportunity” لانگ آئی لینڈ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اس پروقار تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ نیویارک اکنا ریلیف کے انچارج اسحاق الپر نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکنا ریلیف کے سی ای او عبدالروف نے ادارے کے فلاحی مشن، انسانی خدمت کے منصوبوں اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ موٹیویشنل اسپیکر شمیخ سعادت نے اپنے پُرجوش خطاب میں شرکاء کو خدمتِ خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد دوسروں کے لیے مواقع کے دروازے کھول سکتا ہے، بس نیت اور عمل کی ضرورت ہے۔میئر ایڈوائزری کمیٹی آن جوڈیشری کے چیئر علی نجمی نے کمیونٹی کی مضبوطی، باہمی تعاون اور سماجی شراکت داری پر گفتگو کی اور اکنا ریلیف کی خدمات کو سراہا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اکنا ریلیف نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھر میں مصیبت زدہ افراد کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ اس موقع پر سالانہ فنڈ ریزنگ کے دوران تقریباً چھ لاکھ ڈالر کے عطیات جمع کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر اکنا ریلیف یو ایس اے کے نارتھ ایسٹ ریجن کے ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال نے شرکاء، اسپانسرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ اکنا کے کارکنان کو اسمبلی ممبرز کی جانب سے تعریفی اسناد بھی دی گئیں جبکہ اختتامی دعا بھی کروائی گئی۔ تقریب میں مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکنان اور کمیونٹی لیڈرز شریک ہوئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اکنا ریلیف آئندہ بھی انسانیت کی خدمت کا مشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔