vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا دعویٰ: امریکا کا نائجیریا میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے نائجیریا میں داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف حملہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ عناصر بالخصوص بے گناہ مسیحیوں کو نشانہ بنا رہے تھے، جس پر امریکی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ بیان انہوں نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کیا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی دہشت گردوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر مسیحیوں کے قتل عام کو نہ روکا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے نائجیریا میں متعدد درست اور کامیاب حملے کیے، تاہم تاحال ان حملوں کے نتائج اور ہدف کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔ اے بی سی نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس سے مزید معلومات طلب کی گئی ہیں۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں نائجیریا کی حکومت کے تعاون سے کی گئیں اور آئندہ بھی مزید اقدامات متوقع ہیں۔ امریکی افریقہ کمانڈ نے بھی بیان میں کہا کہ حملے نائجیریا کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں کیے گئے۔ امریکی محکمہ دفاع نے صدر ٹرمپ کا بیان اور ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں میزائل فائر ہوتا دکھایا گیا۔نائجیریا میں مذہبی تشدد کے حوالے سے امریکا پہلے ہی سخت مؤقف اختیار کر چکا ہے اور حالیہ دنوں میں نائجیریا کو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں پر خصوصی تشویش کا حامل ملک قرار دیا گیا۔ نائجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے تشدد کے واقعات تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام مذاہب کے ماننے والوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے لیے پرعزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.