کیلیفورنیا میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جس کے باعث انخلا کی وارننگز اور بلند سمندری لہروں کے انتباہ جاری کر دیے گئے۔
سان برنارڈینو کاؤنٹی کے پہاڑی قصبے رائٹ وُڈ میں مڈ سلائیڈز کے بعد شیرف ڈیپارٹمنٹ نے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی، جبکہ کئی سڑکیں ڈوب گئیں۔نیشنل ویدر سروس کے مطابق سان فرانسسکو بے ایریا کے قریب لہریں 25 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں۔ ریاست بھر میں ہزاروں افراد بجلی سے محروم رہے، جبکہ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کم از کم دو ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ مزید یہ کہ ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور تیز ہواؤں کے خدشات کے پیش نظر الرٹس جاری ہیں۔محکمہ فائر کے مطابق رائٹ وُڈ اور گرد و نواح میں 150 سے زائد فائر فائٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ ریاستی نیشنل گارڈ کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان “ایٹموسفیرک ریور” کے باعث آیا ہے، جو معمول سے کہیں زیادہ بارش اور پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری لا رہا ہے۔گورنر گیون نیوسم نے چھ کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے تاکہ ریاستی امداد فوری طور پر فراہم کی جا سکے، جبکہ حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔