ایرک ایڈمز کی انتظامیہ کے چار سالہ مدت مکمل ہونے پر کارکردگی رپورٹ جاری
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ نے چار سالہ مدت مکمل ہونے پر اپنے کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، زیادہ سستا اور محنت کش طبقے کے لیے بہتر بنایا گیا ہے۔
ایڈمز کے مطابق وبا، معاشی دباؤ اور جرائم میں اضافے کے مشکل دور میں اقتدار سنبھالنے کے بعد انتظامیہ نے عوامی تحفظ، معاشی بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کو اولین ترجیح دی۔انتظامیہ کے مطابق شہر میں فائرنگ اور قتل کے واقعات ریکارڈ سطح تک کم ہوئے، جبکہ روزگار اور چھوٹے کاروباروں کی تعداد نیویارک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ “سٹی آف یس فار ہاؤسنگ اپرچونٹی” جیسے اقدامات کے تحت چار لاکھ 33 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر، بحالی یا منصوبہ بندی کی گئی، جبکہ بے گھر افراد اور شدید ذہنی بیماری میں مبتلا شہریوں کے لیے پالیسی میں نمایاں اور بنیادی اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ چار برسوں کے دوران نیویارکرز کو مجموعی طور پر 30 ارب ڈالر سے زائد کی مالی بچت فراہم کی گئی، پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کا طبی قرض معاف کیا گیا، بچوں کی نگہداشت کے اخراجات میں کمی کی گئی اور “آفٹر اسکول فار آل” پروگرام کے تحت مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔ سرکاری اسکولوں میں پڑھنے اور ریاضی کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے، جبکہ عوامی مقامات کی بہتری، کچرے کو ڈبوں میں منتقل کرنے اور چوہوں سے متعلق شکایات میں کمی جیسے عملی اقدامات بھی کیے گئے۔تقریب کے دوران سٹی ہال کے قریب ایک ٹائم کیپسول بھی دفن کیا گیا، جسے دس سال بعد کھولا جائے گا۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ انتظامیہ کے نتائج واضح ہیں اور نیویارک کو ایک ایسا شہر بنانے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جہاں محنت کش خاندان بہتر مواقع کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔