نیوجرسی میں دھک دھک گرل کی واپسی
بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ مادھری دکشت کا "ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ” کے زیرِ اہتمام نیوجرسی میں شاندار شو ہوا۔ مادھری نے ماضی کی اپنی کئی مشہور فلموں کے گیتوں پر رقص بھی کیا۔
شوبز انڈسٹری میں پروموٹر کی دنیا کا جانا مانا نام، "ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ” کے سی ای او عتیق شیخ نے "گولڈن دیوا آف بالی ووڈ” کے نام سے دھک دھک گرل اور رقص کی ملکہ مادھری دکشت کے ساتھ زبردست شو کا انعقاد کیا۔ مادھری نے انیل کپور کے ساتھ 34 سال پرانے شو میں لائیو پرفارمنس کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا تو حاضرین قہقہوں سے گونج اٹھے۔ شو میں ساؤتھ ایشیائی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ بھارتی ٹی وی اسٹار شالین بھنوٹ شو میں میزبانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ مادھری دکشت نے امریکا اور بھارت میں قیام کے دوران زبان اور لہجے میں آنے والے فرق پر بھی بات کی۔ میٹ اینڈ گریٹ میں مادھری کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداح بڑی تعداد میں پہنچے۔ شو میں مختلف گیتوں پر ڈانس گروپس نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، اس دوران مادھری نے بھی اپنی مشہور گیتوں پر شاندار پرفارمنس دے کر ماضی کی یادیں تازہ کردیں۔ "ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ” کے سی ای او عتیق شیخ نے اپنے مہمانوں، اسپانسرز، ٹیموں اور شرکاء سے اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں بھی ایسے مزید شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ شو کے اختتام سے قبل مادھری دکشت نے مداحوں کی محبت کو قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی محفلیں ہمیشہ یادگار رہتی ہیں۔ اس موقع پر مادھری نے اپنی خوبصورت آواز میں موقع کی مناسبت سے ایک گیت بھی سنایا۔ آخر میں مختلف آرٹسٹ، ماڈلز، فنکاروں اور نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں مادھری دکشت کے ہاتھوں ایوارڈز دیے گئے۔