امریکی بحریہ کے دو طیارے جنوبی بحیرہ چین میں دو الگ الگ واقعات میں گر کر تباہ ہو گئے۔ تاہم تمام اہلکار محفوظ رہے۔
امریکی پیسفک فلیٹ کے مطابق دونوں واقعات اتوار کو یو ایس ایس نمٹز ایئرکرافٹ کیریئر سے آپریشنز کے دوران پیش آئے۔بیان کے مطابق پہلا واقعہ دوپہر ڈھائی بجے پیش آیا جب امریکی بحریہ کا ایم ایچ۔60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس کے تینوں عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تقریباً تیس منٹ بعد شام تین بج کر پندرہ منٹ پر ایف/اے۔18 ایف سپر ہارنیٹ لڑاکا طیارہ بھی معمول کی پرواز کے دوران سمندر میں گر گیا۔ طیارے کے دونوں پائلٹس نے ایجیکٹ کر کے جان بچائی اور انہیں بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔امریکی پیسفک فلیٹ کے بیان میں کہا گیا کہ تمام اہلکار محفوظ ہیں جبکہ دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔