امریکا میں تین نسلیں پروان چڑھنے کے ساتھ پاکستان کی محبت بھی جوان
پاکستانی سوِک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ نے پاکستان کا 78واں جشنِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منایا۔ رچمنڈ میں واقع اسنگ ہاربر کلچرل سینٹر میں منعقدہ یومِ آزادی کے جشن کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنی اپنی فیملیز کے ہمراہ کثیر تعداد میں شریک ہوئی ۔روایتی طور پر ابتداء میں امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے تو بچوں نے دونوں ممالک کے پرچم لہرائے۔
یومِ آزادی کی تقریب کے لیے کلب کو پاکستانی اور امریکی پرچموں اور اس کے رنگوں کے مشابہہ غباروں سے بھی سجایا ہوا تھا۔تقریب کے مہمان ِ خصوصی نیویارک کی شہری حکومت میں پاکستانی نژاد کمشنر عاصم رحمان نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آگے بڑھنے کی لگن و جستجو اور دل سے محنت کی جائے تو کامیابی ضرور مقدربنتی ہے ۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سوِک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ کے صدر ڈاکٹر خالد نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ امریکا میں ان کی تیسری نسل پروان چڑھ رہی ہے۔ ہم تہذیب یافتہ قوم ہیں اورہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ اپنی کمیونٹی کو آگے لے کر آئیں۔
یومِ آزادی کی تقریب میں بچوں کے لیے بھی خوب تفریحی کا ساماں تھا،بچوں نے مختلف گیتوں پر اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری سعدیہ ملک اور بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئر مین حارث خان نے ایسو سی ایشن کا تعارف پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کاپاکستانی کمیونٹی نے تعلیم،صحت،کاروبار کے شعبوں سمیت تہذیب و ثقافت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار اداکیا ہے ۔
تقریب میں معروف ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر انعام الحق، نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر، کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت امریکی آفیشلز شریک تھے ۔ شرکاٗ سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ امریکی اور پاکستانی پروفیشنلز کا آپس میں کافی پرانا تعلق ہے اور اس تقریب میں شرکت باعثِ اعزاز ہے۔
پاکستان کے جشنِ آزادی کے دوران موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ پولیس افسران سمیت دیگر مہمانوں کو گلدستے پیش کیے اور ان کی خدمات پر ایوارڈ ز سے بھی نوازا گیا۔