vosa.tv
Voice of South Asia!

بولنگ بروک میں پاکستانی پرچم کشائی اور ٹیسٹ آف پاکستان فیسٹیول

0

شکاگو: (رپورٹ : سید خلیل اللہ ) ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز بولنگ بروک کے زیرِ اہتمام 34ویں پاکستان پرچم کشائی کی تقریب اور ٹیسٹ آف پاکستان فیسٹیول کا شاندار انعقاد ہوا، جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

 ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز کے زیر اہتمام بولنگ بروک میں منعقدہ پروگرام   کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا ۔ ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز کے بانی اور موجودہ پولیس کمشنر بولنگ بروک، جناب طلعت رشید نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ یاد رہے کہ انہوں نے یہ روایت 33 سال قبل شروع کی تھی، جو اب ایک باوقار سالانہ تقریب کی شکل اختیار کر چکی ہے۔پرچم کشائی کے موقع پر  پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔اپنے خطاب میں قونصل جنرل طارق کریم نے اے پی اے اور بولنگ بروک انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 34 سال سے اس تقریب کا تسلسل پاکستانی کمیونٹی کی محبت اور یکجہتی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آزادی کی تاریخی اہمیت اجاگر کی اور پاکستان کے ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہا، خصوصاً مڈویسٹ میں رہنے والی کمیونٹی کے خدمات کی تعریف کی۔تقریب میں شریک میئر بولنگ بروک  مریم باستہ، اساتذہ، اعلیٰ کاروباری شخصیات، ریاستی و مقامی نمائندے، اسکول بورڈ کے چیئرمین، ولیج کمیشن کے سربراہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کے منتظمین میں ڈاکٹر ندیم لنگی اور ڈاکٹر معزم سعید شامل تھے، جو گزشتہ 20 برس سے اس تقریب میں معاونت کرتے آرہے ہیں۔ اس موقع پر پولیس آفیسر الیکسیا برٹن، ہم ٹی وی کے نمائندے نوید عالم، قونصل جنرل طارق کریم اور دیگر کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔ فیسٹیول میں پاکستانی کھانوں کے اسٹالز، میوزک اور تفریحی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہا۔ تقریب میں پاکستان کے معروف گلوکار رحیم شاہ نے اپنی پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا ،شرکاء شکاگو اور گرد و نواح سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس تقریب میں شریک ہوئے اور ٹیسٹ آف پاکستان ڈے کو پاکستانی ثقافت، کھانوں اور موسیقی کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.