نیویارک: پاکستان کے جشنِ آزادی پر تاریخی بروکلین میلے کی رونقیں
پاکستان کے یوم ِآزادی پر نیویارک میں تاریخی بروکلین میلہ سب کے چہروں پر خوشیاں بکھیر کر اختتام پذیر ہوگیا۔میلے میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ریما خان بھی شریک ہوئیں۔مشہور گلوکاروں کی پرفامنس پر حاضرین جھوم اٹھے، کئی شخصیات کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان کے78 ویں جشن ِ آزادی پر ہر سال کی طرح اس سال بھی کونی آئی لینڈ ایونیو پر تاریخی بروکلین میلے کا انعقاد کیا گیا۔۔میلے کا آغاز پر نیویارک پولیس کے چاک و چوبند دستے سے مارچ کیا اور سلامی دی ۔ تقریب کی ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوئی۔میلے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی۔تقریب کی نظامت کوپو کے سربراہ محمد رضوی کر رہے تھے، اس موقع پر امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گئے اور بعد ازاں نعت خوانو ں نے بھی اپنے کلام پیش کیے۔
میلے میں مشرقی ملبوسات و دیدہ زیب جیولر ی کے اسٹالز لگائے گئے جہاں سے لوگوں نے خریداری بھی کی ۔بروکلین میلہ کمیٹی کے چیئر مین راجہ ساجد پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر والہانہ استقبال کیا گیا۔شرکاء سے خطاب میں راجہ ساجد نے سب کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ آزادی پروردگار کی بہت بڑی نعمت ہے، میلے کی کامیابی میں پوری کمیٹی نے بھرپور کام کیا۔۔
تقریب میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی اور شرکا نے بھی قومی پرچم کے ر نگوں کے مشابہہ ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے،اس موقع پر نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز میلے میں پہنچے تو کمیونٹی نے ایک بہترین دوست کی طرح انتہائی گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا، کوپو کے سربراہ محمد رضوی نے شاندار انداز میں تعارف کروایا۔شرکا سے خطاب میں میئر ایرک ایڈمز نے یومِ آزادی کی مبارکباد دی ، ان کے ہمراہ مسلم وومن لائژن آفیسر عطیہ شہناز بھی موجود تھیں۔۔ میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا بھی اہم کردار ہے، اس کمیونٹی سے ہمیشہ بہت پیار محبت اور احترام ملا۔
یومِ آزادی کی تقریب کے شرکاء کے لیے لائیو بار بی کیو تیا ر گیا جبکہ مختلف انواع و اقسام کے کھانے اور مشروبات کا بھی اہتمام تھا۔ اس موقع پر پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے صدر جاوید خان، جنرل سیکرٹری عزیز بٹ ، پرویز اختراور میلہ کمیٹی کے صدر دانش ملک اور جنرل سیکرٹری نادر ملک اور دیگر بھی موجود رہے،مقررین کا کہنا تھا کہ بروکلین میلہ کو امریکی تاریخ میں سب سے قدیم میلے کا اعزاز حاصل ہے۔
بروکلین میں نیویارک سٹی کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز بھی شریک ہوئیں۔شرکا سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں، میری زمہ داری ہے کہ آپ کے سب کے قانونی حقوق کا تحفظ کروں۔میلے میں پاکستانی نژا د انسپکٹر عدیل رانا سمیت دیگر پولیس افسران ، بروکلین میلہ کمیٹی کے چیئر مین راجہ ساجد اور دیگر اراکین کو ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ تعریفی سند بھی پیش کی گئیں۔
میلے میں کانگریس وومن ایوٹ کلارک سمیت نیویارک کے ریاستی اور شہری ایوان کے منتخب ارکان بھی شریک ہوئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بہت پرانا تعلق ہے اور لٹل پاکستان آکر ہمیشہ اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ میلے میں پاکستانی کمیونٹی نے اتنی کثیر تعداد میں شریک ہوکر یہ ثابت کر دکھایا کہ ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔اس موقع پر امریکی آفیشلز کا کہنا تھا وہ کمیونٹی کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
بروکلین میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ریما خان اپنے شوہر کے ہمراہ شریک ہوئیں، ریما کی آمد پر ان کا شاندار استقبال ہوا، حاضرین سے خطاب میں انھوں آزادی کو ایک نعمت قرار دیا اور راجہ ساجد کی کاوشوں کو سراہا۔میلے میں مدعو کیے گئے مشہورو معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شرکاء جھوم اُٹھے۔ قبل ازیں بروکلین میلے میں شریک پولیس افسران نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں گلوکار انزی ڈی ایکس نے اپنی جاندار پرفارمنس سے حاضرین کا لہو گرمایا۔۔