"ڈیلس:پاکستان کے یومِ آزادی پر سب سے بڑا "جشن آزادی قائد میلہ
ڈیلس میں پاکستان کا سب سے بڑا جشن آزادی قائد میلہ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس میں ڈیلس سمیت گردو نواح سے ہزاروں پاکستانی امریکیوں نے شرکت کی اور پاکستان سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ قائد میلے میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیرِ اہتمام ڈیلس میں پاکستان کا سب سے بڑا جشنِ آزادی قائد میلہ بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس میلے میں ڈیلس اور گرد و نواح سے ہزاروں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی اور وطنِ عزیز پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا زبردست اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات نئے نہیں۔ جس روز پاکستان وجود میں آیا، اگلے ہی روز امریکی صدر نے قائد اعظم محمد علی جناح کو مبارکباد کا خط لکھا۔ پاک امریکہ تعلقات اتنے ہی پرانے جتنا کہ پاکستان۔ لیکن حالیہ دنوں میں یہ تعلقات بلندی کی جانب گامزن ہیں۔ اس مضبوط دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے میں یہاں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور سفیر مکمل اختیار آپ کے سپرد کرنے آیا ہوں آپ سب امریکہ میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ ہمیں پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے یہاں سے کوششیں کرنا ہوں گی۔آپریشن بیان المرصوص اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک ہم معاشی طور پر پاکستان کو مستحکم نہیں کریں گے۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم تمام پاکستانیوں سے اپیل کی وہ مقامی سطح پر وطن عزیز کو مستحکم کرنے کے لئے کوششیں کریں اس ضمن میں انہوں نے کمیونٹی کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر آپریشن بیان المرصوص کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔ چھ اور سات مئی کی دمیانی شب پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹر آرٹیکل 51 کے تحت سیلف ڈیفنس کارروائی کی اور اس آپریشن کو بیان المرصوص کا نام دیا۔ پاکستان کی دفاعی افواج نے تین گھنٹے اور 45 منٹ میں بھارت کی 26 اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کے نہتے عوام کو نشانہ بنایا اور انکے حکام اور بھارتی میڈیا جھوٹ بولتے رہے جبکہ پاکستان کے دفاعی حکام عالمی طاقتوں کو اس دوران تمام اصل صورتحال سے آگاہ کرتے رہے۔ اور بالآخر سات مئی کو بھر جواب دیا گیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ ہم کسی طور کمزور نہیں۔
قبل ازیں تقریب کے آغاز پر صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس نعیم سکھیا نے اپنے خطاب میں حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان کا مطلب لا إله إلا الله ہے تو الله تعالیٰ ہی اسکی حفاظت کرے گا ہمیں اس بات پر یقین ہونا چاہیے لیکن اس کا یہ ہر گز مطلب نہیں کہ ہم اپنی زمہ داریوں سے غافل ہو جائیں۔ نعیم سکھیا کا کہنا تھا پی ایس این ٹی کے تحت منعقدہ اس قائد میلے میں آپکی بھرپور شرکت اور جوش و جذبہ آپکی وطن عزیز سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے سینئر نائب صدر عابد بیگ کا کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ہم نے قائد میلہ کی روایت کو برقرا رکھا جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔اس موقع پر چیئرمین پی ایس این ٹی بورڈ آف ٹرسٹیز ڈاکٹر ریاض حیدر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی اناسویں سالگرہ منا رہے ہیں اور خوشی اس بات کی ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس پروگرام میں شریک ہے۔
اس موقع پر بورڈ آف ٹرسٹی، پی ایس این ٹی عابد ملک نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جشن آزادی قائد میلے میں پاکستان سے آئے ہوئے معروف گلوکاروں امیر علی اور صائمہ جہاں نے اپنے گیتوں کے زریعے سماں باندھ دیا۔ امیر علی نے ملی نغمے گائے اور حاضرین ان ملی نغموں کی دھن پر جھومتے نظر أئے۔ خواتین، مرد، نوجوان اور بالخصوص بچے سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے اور پاکستان کا جشن آزادی پورے جوش و خروش سے مناتے دکھائی دیئے۔
جشن آزادی قائد میلے کی تقریب میں نظامت کے فرائض کرن حیات اور حسن سومرو نے انجام دیئے۔ اس موقع پر شرکاء کے لئے پاکستانی روایتی کھانوں، ملبوسات، جیولری اور دیگر سروسز کے اسٹالز بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز رہے۔ مسلمانوں کی امریکہ میں سب سے بڑی تنظیم اکنا ریلیف نے فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جہاں حاضرین کو فری اسکریننگ اور طبی مشوروں کی سہولت بھی فراہم کی گئی جن سے لوگ بھرپور مستفید ہوتے دکھائی دیئے۔