vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: پاکستان کا 78واں یومِ آزادی،باولنگ گرین پر پرچم کشائی

0

نیویارک میں پاکستان  کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا ہے کہ آزادی ہمارے آبا و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے، وہ معروف تجارتی مرکز باولنگ گرین پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی پر نیویارک  سٹی کے میئر  ایرک ایڈمز کے آفس کے زیر اہتمام فنانشل ڈسٹرکٹ  باولنگ گرین پرخصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تقریب سے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کا  کہنا ہے کہ آج اپنے بزرگوں سے  تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ  ان کی جدوجہد اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ 

تقریب میں  پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئی۔  حاضرین سے خطاب میں اے پی پیک یوتھ ونگ کے صدر ارسل اعجاز کا کہنا تھا کہ نئی نوجوان نسل زندگی کے ہر شعبے میں  آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔اس موقع پر قومی ترانوں کی دھنوں پر امریکا اور پاکستان کے پرچم  باولنگ گرین  کے مقام پر لہرائے گے۔

قبل ازیں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی افیئرز  یونٹ کے  کمشنر  فریڈ کرزمین کا  کہنا تھا  کہ اس شہر کی سب سے  بڑی  خوبصورتی  تمام  اکائیوں کی یکساں اہمیت اور نمائندگی دینا ہے جبکہ میئر  آفس کی مسلم لائژون آفیسر عطیہ شہناز نے قیامِ پاکستان سے اب تک ہر شعبے میں خواتین کے کردار کو  خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

پرچم کشائی کی تقریب میں نیویارک  پو لیس میں شامل پاکستانی نژاد افسران کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔اس  موقع پر پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے اسد چودھری اور سماجی رہنما محمد رضوی کا کہنا تھا کہ میئر نیویارک کی   مسلمانوں اور پاکستانی کمیونٹی کے  لیے گراں قدر خدمات  جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام سے قبل  پاکستانی کمیونٹی کے بچوں نے ملی نغموں پر  شاندار ٹیبلو  پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.