vosa.tv
Voice of South Asia!

 ایلینوائے کا رہائشی بینک فراڈ کے الزام میں مجرم قرار

0

ایلینوائے(ویب ڈیسک) امریکی ریاست ایلینوائے کے رہائشی 56 سالہ راہول شاہ کو ایک وفاقی جیوری نے بینک فراڈ، جھوٹے بیانات، منی لانڈرنگ اور شناختی چوری سمیت کئی الزامات میں مجرم قرار دے دیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 56 سالہ راہول شاہ نے 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد کے تجارتی قرضوں اور کووڈ-19 کے دوران پے چیک پروٹیکشن پروگرام (PPP) کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات جمع کروائیں۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، شاہ نے شکاگو میں قائم اپنی آئی ٹی کمپنیوں کے ذریعے بینکوں کو جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، فرضی بیلنس شیٹس اور جعلی آڈٹ رپورٹس پیش کر کے قرضے حاصل کیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کورونا ریلیف کے لیے 441,138 ڈالر کی PPP قرض کی درخواست میں کمپنی کے پے رول اخراجات کو مبالغہ آمیز طریقے سے ظاہر کیا۔ شاہ نے درخواست کے ساتھ جعلی انٹرنل ریونیو سروس (IRS) دستاویزات بھی جمع کروائیں جن میں ان افراد کو تنخواہیں ملنے کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا جنہیں حقیقت میں ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مختلف افراد کی چوری شدہ شناختیں استعمال کرتے ہوئے جعلی دعوے بھی کیے۔ شاہ کو سات الزامات میں بینک فراڈ، پانچ میں مالیاتی اداروں سے غلط بیانی، دو میں منی لانڈرنگ اور دو میں شناختی چوری کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا۔ ہر بینک فراڈ اور جھوٹے بیان پر انہیں 30 سال، منی لانڈرنگ پر 10 سال اور شناختی چوری پر 2 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ان کی سزا کا اعلان 13 نومبر کو کیا جائے گا۔ مقدمے کی تحقیقات ایف بی آئی اور SBA کے آفس آف انسپکٹر جنرل نے کی جبکہ مقدمہ محکمہ انصاف کے فراڈ سیکشن اور شمالی ضلع ایلینوائے کے پراسیکیوٹرز نے چلایا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.