قیدی جیل میں،مگرسہولیات کسی فائیواسٹارہوٹل سےکم نہیں
انڈونیشیا میں جیل کے اندر وی آئی پی قیدیوں کے لیے بنائے گئے پرتعیش کمپاؤنڈ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں ایئر کنڈیشنرز، بڑی اسکرین والے ٹی وی، جم، سوئمنگ پول حتیٰ کہ گالف سمیولیٹر بھی موجود تھا۔
جکارتہ کے قریب سیبنونگ کلاس ٹواےجیل میں اچانک چھاپہ مارا گیا تو تفتیش کاروں کو قیدیوں کے لیےغیر معمولی سہولیات سے بھرا ایک الگ کمپاؤنڈ ملا۔جیل کے سربراہ کی رہائش گاہ کے پیچھے قائم اس حصے میں کم از کم دس رہائشی یونٹس موجود تھے،جہاں صوفے، فریج، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر گھریلو سہولیات دستیاب تھیں۔معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا۔
تفتیش کاروں کے مطابق کمپاؤنڈ میں مہنگی گاڑیاں، سوئمنگ پول اور جم بھی موجود تھے، جبکہ گالف سمیولیٹر کی سہولت زیرِ تعمیر تھی۔حکام کو ایک ایسا خفیہ راستہ بھی ملا جس کے ذریعے سرکاری چیک پوسٹوں کو نظرانداز کرتے ہوئے جیل کے اندر یا باہر آنا ممکن تھا۔ان انکشافات کے بعد پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔انڈونیشیا کے محتسب کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ اگر جیل کے نظام میں موجود ایسی خامیوں کو دور نہ کیا گیا تو یہ انکشافات ممکنہ طور پر ایک بڑے مسئلے کا صرف ایک حصہ ثابت ہوں گے۔اب سوال یہ ہے کہ جہاں عام قیدی سزا اور پابندیوں کا سامنا کرتے ہیں، وہاں مخصوص قیدیوں کو یہ غیر معمولی سہولیات کیسے اور کس کی اجازت سے ملتی رہیں؟