نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر میں سستے گھروں کی تعمیر کی پیش رفت عوام کے سامنے لانے کے لیے لینڈ انوینٹری فاسٹ ٹریک (LIFT) ٹریکر متعارف کرا دیا ہے۔
اس آن لائن ٹریکر کے ذریعے شہری پانچوں بورو میں موجود 100 سے زائد سرکاری مقامات پر بننے والے 50 ہزار سے زیادہ نئے سستے گھروں کی پیش رفت دیکھ سکیں گے۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ شہر کی زمین کو رہائشی منصوبوں، لائبریریوں اور دیگر عوامی سہولیات میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ رہائشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔ ان کے مطابق آئندہ ہر سال کم از کم پانچ نئے منصوبوں کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔انتظامیہ کے مطابق یہ منصوبہ "بلاک بائی بلاک” ہاؤسنگ پلان کا حصہ ہے، جس کے تحت آئندہ دس برسوں میں دو لاکھ نئے سستے گھر تعمیر اور مزید دو لاکھ گھروں کو محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے حالیہ بجٹ میں پانچ برس کے دوران 22 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی مختص کی گئی ہے۔