البنی: شہدائے کربلا کی یاد میں حسین ڈے عقیدت و احترام سے منایا گیا
ریاست نیویارک کے دارالحکومت البنی میں شہدائے کربلا کی یاد میں حسین ڈے عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
الفاطمہ اسلامک سینٹر آف البنی کے زیر اہتمام نواسہ ِ رسول امامِ عالی مقام اور شہدائے کربلا کی یاد میں آٹھواں سالانہ حسین ڈے عقیدت و احترام سے منایا گیا جس کا آغاز تلاوتِ قرانِ پاک سے ہوا۔ جلوس میں خواتین و مرد، نواجون، بزرگوں اور بچوں پر مشتمل عزاداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مختلف ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی پر ماتم داری کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔جلوس میں شریک عزاداروں اور بالخصوص کمسن بچوں نے شبیہہ علم اٹھا ئے ہوئے تھے۔جلوس کی گزر گاہوں پر سیکورٹی کے بھی انتظامات کیے گئے تھے ،اس موقع پر نیویارک البنی کی میئر ڈاکٹر ڈورسی اپلائرز کی نمائندہ،نیویارک اسٹیٹ لیجسلیٹر گیبئرل رومیرو اور کانگریس مین پاول ٹونکو نے خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ امام حسین نے کربلا میں اپنے جانثاروں کے ساتھ بے مثال قربانی پیش کی۔نواجوان مقررین میں شامل مریم حسین اور سکینہ طارق نے واقعہ کربلا اور سیرتِ امام حسین پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی دنیا میں پیغامِ حسین گونج رہا ہے،پیغام کربلا سچائی کا ساتھ دینے،انسان سے محبت اور اسلامی اصولوں پر زندگی گزارنے کا نام ہے۔آخر میں ڈاکٹر امداد حسین اور حسنین شاہ نے تمام رضا کاروں ، مہمانوں اور گورنر نیویارک سے اظہارِ تشکر کیا۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا سٹی ہال پر اختتام پذیر ہوگیا۔دعا کے بعد نوید شاہ کی طرف سے نیاز تقسیم کی گئی۔