وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں سے اب تک 188 افراد ہلاک اور 1500 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے اموات 10 ہزار سے ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بدھ کی شام چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے ان دو زلزلوں نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ کراکس سمیت مختلف شہروں میں سیکڑوں عمارتیں اور گھر زمیں بوس ہو گئے اور بڑی تعداد میں لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ زلزلے گزشتہ ایک صدی میں وینزویلا میں آنے والے طاقتور ترین زلزلے قرار دیے جا رہے ہیں۔قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے لا گوائیرا ریاست کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور متاثرہ اسپتالوں اور گھروں کی تعمیر نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر کے خصوصی فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ سائمن بولیوار انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نقصان پہنچنے کے باعث پروازیں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ میٹرو سروس، گیس فراہمی اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری امداد کا اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت جاری کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، طبی وسائل اور انسانی امداد وینزویلا روانہ کر دی گئی ہے۔ قطر، میکسیکو، ایل سلواڈور اور ایکواڈور سمیت متعدد ممالک نے بھی امدادی اہلکار اور وسائل بھیجنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے بھی تعزیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔