جاپان کا یکم جولائی سے ویزا فیس میں پانچ گنا اضافے کا اعلان، 48 سال بعد نظرثانی
جاپانی حکومت نے 1978 کے بعد پہلی بار ویزا فیس میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے جو یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوگی اور سنگل انٹری ویزا کی فیس 3 ہزار سے بڑھ کر 15 ہزار ین ہو جائے گی۔
جاپان کے وزیرِ خارجہ توشی مِتسو موتیگی نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت نے ویزا فیس کے آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی جو یکم جولائی سے جمع ہونے والی تمام درخواستوں پر لاگو ہوگی۔ نئی فیس کے مطابق سنگل انٹری ویزا 3 ہزار سے بڑھ کر 15 ہزار ین یعنی تقریباً 18 ڈالر سے 93 ڈالر اور ملٹی پل انٹری ویزا 6 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ین یعنی تقریباً 37 ڈالر سے 186 ڈالر ہو جائے گی جو موجودہ فیس سے پانچ گنا زیادہ ہے۔ جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ اصلاح 1978 کے بعد سے مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ وزیرِ خارجہ موتیگی نے کہا کہ جاپان کو توقع نہیں کہ اس اضافے سے سیاحت پر فوری منفی اثر پڑے گا کیونکہ جاپان بین الاقوامی سطح پر ایک انتہائی پرکشش منزل ہے اور حالیہ برسوں میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں بحالی ہوئی ہے۔