نیوجرسی: وومن ٹو وومن فورم کا آٹھواں سالانہ وومن ایمپاورمنٹ گالا
عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے وومن ٹو وومن فورم نے نیوجرسی میں آٹھویں سالانہ وومن ایمپاورمنٹ گالا کا اہتمام کیا، تقریب میں شہزوری پروجیکٹ کے لیے فنڈ ریزنگ کی گئی اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
نیوجرسی کے مقامی ہال میں وومن ٹو وومن فورم کا آٹھواں سالانہ وومن ایمپاورمنٹ گالا منعقد کیا جس کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوئی ۔تقریب کی نظامت وومن ٹو وومن فورم کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بیشن عنبرین اور دانش احمد کر رہے تھے جنھوں نے مہمانوں کا تعارف کرایا اور ان کی آمد پر خیر مقدم بھی کیا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کثیر تعداد میں شریک ہوئیں ۔حاضرین سے خطاب میں وومن ٹو وومن فورم کی بانی و صدر نصرت سہیل اور نائب صدر غزل رحما ن نے تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کا کوئی بھی منصوبہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر نہیں چل سکتا، خاندان اور معاشرے کو مستحکم بنانے کے لیے خواتین کا با اختیار ہونا ضروری ہے۔تقریب میں نیوجرسی سے منتخب پہلی پاکستانی نژا د اسمبلی وومن شمع حیدر ، اسمبلی مین اسٹرلی اسٹین لی اور نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی شریک ہوئے ۔مقررین نے وومن ٹو وومن کی کارکردگی اور خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد اور اس سے جڑے دیگر واقعات کی فوری روک تھام نہ کی جائے تو خاندان کا تصور قائم نہیں رہ سکتا ۔تقریب کے شرکاٗ کو وومن ٹو وومن کے ذیلی پروجیکٹ شہزوری گیسٹ ہاوس اور شہزوری ٹرانزیشنل ہوم سے متعلق آگہی دینے کے لیے ایک مختصر ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔۔اس موقع پر پروجیکٹ کو چلانے اورخواتین کو با اختیار بنانے کے مشن میں سرگرم خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں بھی روشن کی گئیں اور ایک نغمہ بھی پیش کیا گیا۔۔۔شرکا کو شہزوری ہاوس میں پانچ سا ل کے دوران قیام پذیر رہنے والی خواتین کے ساتھ پیش آئے مختلف واقعات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وومن ٹو وومن فورم کی بورڈ ایگزیکٹیو سدرہ جمیل نے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ ان کے دل کے انتہائی قریب ہے تقریب میں سول سرونٹس، انسانی حقوق ، سماجی بہبود کے شعبوں سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خواتین جن میں افشین شمسی، ارم حنیف، دُرِ عزیز آمنہ، ملیحہ جنجوعہ،مہرین سیعد اوراسمبلی مین اسٹرلی اسٹین لی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ، سائٹیشن اور گلدستے پیش کیے گئے ۔۔قبل ازیں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے نورین صوفیہ اور راحیلہ فردوس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ زندگی کسی کے لیےبھی ہمیشہ آسا ن نہیں رہتی لیکن اگر کوئی مقصد ہو تو جینے کا حوصلہ ملتا رہتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر معروف گلوکار شیراز اوپل کے بیٹے ہادی اوپل نے مشہور کلام تو کجا من کجا پیش کرکے تقریب میں سماں باندھ دیا۔۔۔شرکا موسیقی کی محفل سے خوب محظوظ ہوئے ۔ حاضرین کی فرمائش پر ہادی اوپل نے کئی نغمے اور گیت بھی پیش کیے جس سے تقریب رونق دوبالا ہوگئی ۔۔۔تقریب کے اختتام سے قبل وومن ٹو وومن فورم کی فاونڈر نصرت سہیل نے اپنے تمام اسپانسرز سے اظہار تشکر کیا۔