امریکا میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے چلی کی حکومت کی درخواست پر حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق چالیس سالہ رافائل اینریکے گیمز سالاس پر اغوا، بھتہ خوری اور قتل سمیت سنگین جرائم کے الزامات عائد ہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم چلی میں سرگرم ایک جرائم پیشہ نیٹ ورک کے اہم رکن کے طور پر کام کر رہا تھا اور اس پر متعدد اغوا اور بھتہ خوری کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی کا الزام ہے۔ چلی کی تفتیش کے مطابق ایک کارروائی میں سابق وینزویلا فوجی افسر کے اغوا کے بعد اسے قتل کر دیا گیا تھا۔تحقیقات کے مطابق مسلح افراد نے رات کے وقت متاثرہ شخص کے گھر پر دھاوا بول کر اسے زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ بعد ازاں ایک ہفتے بعد سینیٹیگو میں ایک رہائشی علاقے سے اس کی لاش برآمد ہوئی جو ایک سوٹ کیس میں چھپائی گئی تھی اور کنکریٹ کے نیچے دفن تھی۔امریکی حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل امریکا میں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر دوبارہ داخل ہونے کے مقدمات میں بھی سزا پا چکا ہے۔ اب اسے چلی کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے تاکہ وہ وہاں عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات کا سامنا کر سکے۔