vosa.tv
Voice of South Asia!

بولنگ بروک میئر اور امریکن عرب چیمبر آف کامرس کی میزبانی میں گرینڈ افطار

0

شکاگو: امریکن عرب چیمبر آف کامرس اور بولنگ بروک کی میئر میری الیگزینڈر بستا کے اشتراک سے مذہبی رہنماؤں، منتخب عہدیداروں اور کمیونٹی کے ارکان کے اعزاز میں ایک عظیم الشان افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

یہ تقریب بولنگ بروک کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ۳۵۰ سے زائد افراد نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں بولنگ بروک کی میئر میری الیگزینڈر بستا نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ مختلف مذاہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد اس تاریخی گرینڈ افطار ڈنر میں شرکت کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ تقریب کا آغاز روح پرور ماحول میں سید عبدان اللہ کی قرآن مجید کی تلاوت اور اذان سے ہوا جس نے محفل کو روحانیت سے معطر کر دیا۔کالم نگار رے حنانیہ اور چیمبر کے بورڈ اراکین نے امریکن عرب چیمبر آف کامرس کے صدر حسن نجم کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر برج ویو کے معروف البوادی ریسٹورنٹ کی جانب سے عشائیے کو اسپانسر کیا گیا جبکہ تقریب کی نظامت بھی رے حنانیہ نے کی۔چیمبر کے صدر حسن نجم کے مطابق تنظیم کا مقصد کاروباری برادری کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینا اور عرب و مسلم تاجروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ ایک دوسرے کی حمایت کر سکیں۔ تقریب کی کلیدی مقرر کک کاؤنٹی کی خزانچی ماریا پاپاس تھیں جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تارکین وطن امریکی معاشرے کی بنیاد ہیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی سینیٹر کرینہ ولا نے بھی شرکا کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی اور مسلم کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔تقریب کے دوران مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں نے امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکا نے کاروباری تعاون، کمیونٹی کے مسائل اور مقامی سطح پر درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں لائسنسنگ، ٹیکس اور کاروباری تنازعات جیسے امور شامل تھے۔اذانِ مغرب کے ساتھ ہی حاضرین نے افطار کیا جس کے بعد باجماعت نماز ادا کی گئی۔ بعد ازاں مہمانوں کے لیے پرتکلف افطار عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں روایتی اور لذیذ کھانوں کی متنوع اقسام پیش کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.