نیویارک: لٹل پاکستان میں چوتھا سالانہ انٹر فیتھ افطار ڈنر، مختلف مذاہب کے افراد کی شرکت
نیویارک کونی آئی لینڈ ایونیو میں مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے چوتھا سالانہ انٹر فیتھ افطار ڈنر منعقد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
کونی آئی لینڈ ایونیو کے علاقے لٹل پاکستان کے مقامی ریسٹورنٹ میں مختلف سماجی اور بین المذاہب تنظیموں کے اشتراک سے منعقد تقریب کا مقصد ماہِ رمضان کی روح کے مطابق مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، باہمی احترام کو فروغ دینا اور کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔تقریب کی نظامت پاکستانی امریکن اسکلڈ وومن آرگنائزیشن کی بانی عطیہ شہناز نے کی۔ اپنے ابتدائی کلمات میں انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مختلف عقائد اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں اور کمیونٹی میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بناتے ہیں۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈسٹرکٹ 45 کی کونسل وومن فرح لوئس کا کہنا تھا کہ رمضان غور و فکر، شکر گزاری اور کمیونٹی کے اتحاد کا مقدس وقت ہے اور اس طرح کی تقریبات مختلف مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔افطار ڈنر میں ہندو، یہودی، عیسائی اور مسلمان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ مقامی امریکی حکام اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے رمضان المبارک کی اہمیت، روزے کی روحانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر دعائیہ نغمہ بھی پیش کیا گیا۔پروگرام کے دوران اسلامک کوئز کا ایک دلچسپ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں دینی معلومات سے متعلق مختلف سوالات پوچھے گئے۔ شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا اور درست جوابات دینے والوں میں تحائف اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔پروگرام کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی۔شرکاء نے افطار ڈنر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے بین المذاہب پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان محبت، احترام اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔