نیویارک: رمضان سے قبل مستحق خاندانوں کے لیے فوڈ پیکجز کی تیاری
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ جہاں مسلمان عبادات اور روحانی تیاریوں میں مصروف ہیں، وہیں خدمتِ خلق کا جذبہ بھی نمایاں نظر آ رہا ہے۔ امریکی مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف ہر سال کی طرح اس بار بھی ضرورت مند خاندانوں کے لیے رمضان فوڈ پیکجز تیار کیے ہیں۔
ایک طرف لوگ رمضان المبارک کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنی عبادات، ذکر و اذکار اور روحانی تیاریوں میں مصروف ہیں، تو دوسری جانب کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو اپنی ذات سے آگے بڑھ کر دوسروں کی خوشیوں کا سامان کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو رمضان کی تیاری صرف اپنے لیے نہیں بلکہ ضرورت مندوں کے لیے کرتے ہیں۔امریکی مسلمانوں کی فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی جانب سے ہر سال امریکہ بھر میں ہزاروں جبکہ صرف نیویارک میں تین ہزار رمضان فوڈ مارکیٹس مستحق مسلمان خاندانوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ ان پیکجز کی تیاری کے سلسلے میں فلیشنگ کے مقام پر بڑی تعداد میں رضاکار موجود تھے۔ ان میں انجینئرز، ڈاکٹرز، کمپیوٹر پروگرامرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، جو رمضان کی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کرنے کے جذبے کے ساتھ اپنا حصہ ادا کر رہے تھے۔ہر شخص اپنی ذمہ داری نہایت احسن انداز میں نبھا رہا تھا، اور یہی احساسِ خدمت ان سب کے لیے حقیقی خوشی کا باعث بن رہا تھا۔ اس موقع پر رضاکاروں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مندوں کی مدد کر کے انہیں قلبی سکون اور روحانی مسرت حاصل ہوتی ہے۔فوڈ پیکج تیاری کے انچارج انور گجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر سال اس بابرکت مہینے میں اپنے ضرورت مند بہن بھائیوں کو فراموش نہیں کرتے۔ رمضان کی عبادات کا اجر اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن جب عبادت خدمتِ خلق کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائے تو اس کی تاثیر اور اس کا رنگ ہی کچھ اور ہو جاتا ہے۔