نیویارک کے میئر زوہران ممدانی کی انتظامیہ نے صارفین کو درپیش شکایات کے بعد شہر بھر کے 187 جم اور ہیلتھ کلبز کو انتباہی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ یہ اقدام ایسے اداروں کے خلاف کیا گیا ہے جو رکنیت ختم کرنے کے عمل کو جان بوجھ کر مشکل بناتے ہیں یا صارفین کے لیے گمراہ کن اشتہارات دیتے ہیں۔ نوٹس حاصل کرنے والے بڑے اداروں میں پلینٹ فٹنس، ایکوئنوکس اور پیور جم شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بعض جم صارفین کو آسان اندراج کی سہولت دیتے ہیں، مگر رکنیت ختم کرنے کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں اور پیچیدگیاں پیدا کی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر بعض ادارے مفت رکنیت کی پیشکش کرتے ہیں جو بعد میں اضافی فیس کے ساتھ بدل جاتی ہے یا صارفین پر غیر واضح اور مشکل مراحل عائد کیے جاتے ہیں۔ سال 2025 کے دوران صارفین کی جانب سے ایسے متعدد شکایات موصول ہوئیں۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ "نیویارک کے شہریوں کو جم کی رکنیت ختم کرنے کے لیے آسانی ہونی چاہیے۔ اگر کوئی ادارہ آسان اندراج کے بعد رکنیت ختم کرنا مشکل بناتا ہے تو ہم قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے اور شہریوں کے وقت اور پیسے کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔”میئر ممدانی کے جاری کردہ حکم کے مطابق، محکمہ صارفین کے تحفظ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ "سبسکرپشن ٹریپس اور خفیہ اضافی چارجز سے متعلق قوانین کی نگرانی، تحقیقات اور خلاف ورزیوں پر کارروائی کرے”، تاکہ صارفین کو غیر شفاف اور گمراہ کن کاروباری طریقوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔شہر انتظامیہ نے جم مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممبرشپ منسوخی کا طریقہ کار واضح، آسان اور شفاف بنائیں تاکہ صارفین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔