vosa.tv
Voice of South Asia!

سابق این ایف ایل کھلاڑی کروڑوں ڈالر میڈیکیئر فراڈ میں مجرم قرار

0

امریکا میں ایک سابق این ایف ایل کھلاڑی اور مارکیٹنگ کمپنی کے مالک کو تقریباً 197 ملین ڈالر کے میڈی کیئر اور ویٹرنز ہیلتھ پروگرام فراڈ کیس میں جیوری نے مجرم قرار دے دیا۔

وفاقی استغاثہ کے مطابق ملزم نے کئی برسوں پر محیط اسکیم کے ذریعے بزرگ شہریوں کا ذاتی اور طبی انشورنس ڈیٹا فروخت کیا اور ایسے طبی آلات کے جعلی نسخے حاصل کیے جن کی مریضوں کو ضرورت ہی نہیں تھی۔عدالتی شواہد کے مطابق 47 سالہ جوئل روفس فرنچ نے بیرونِ ملک کال سینٹرز کے ساتھ مل کر معمر افراد پر دباؤ ڈلوایا، جن میں الزائمر اور ڈیمنشیا کے مریض بھی شامل تھے، تاکہ وہ آرتھوپیڈک بریسز حاصل کرنے پر رضامند ہوں۔ بعض مواقع پر کال ریکارڈنگ میں رد و بدل کر کے یہ تاثر دیا گیا کہ مریضوں نے رضامندی ظاہر کی، جبکہ ایسا نہیں تھا۔ بعد ازاں جعلی ٹیلی میڈیسن کمپنیوں سے ایسے ڈاکٹروں کے دستخط شدہ آرڈر حاصل کیے گئے جنہوں نے نہ مریضوں کا معائنہ کیا اور نہ بات کی۔استغاثہ کے مطابق ملزم نے آٹھ میڈیکل سپلائی کمپنیوں کے ذریعے میڈی کیئر اور CHAMPVA پروگرام کو بل بھیجے اور اپنی ملکیت کو چھپانے کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کیں۔ جیوری کو بتایا گیا کہ بعض بل ایسے مریضوں کے نام پر جمع کرائے گئے جو فوت ہو چکے تھے یا جن کے اعضا موجود ہی نہیں تھے۔ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے لاکھوں ڈالر نقد بھی نکلوائے تاکہ شریک ملزمان کو ادائیگیاں کی جا سکیں۔جیوری نے فرنچ کو ہیلتھ کیئر فراڈ، وائر فراڈ، منی لانڈرنگ اور کِک بیکس سے متعلق سازشوں میں ملوث مجرم قرار دیا۔ اسے مجموعی طور پر کئی دہائیوں تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، تاہم حتمی سزا کا فیصلہ عدالت بعد میں سنائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.