پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری، روس میں تعلیم کا سنہری موقع
پاکستانی ہائی اسکول گریجویٹس اور یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے روس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ایک اہم موقع سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان میں روسی سفارتخانے نے غیر ملکی طلبہ کے لیے پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی آف رشیا (RUDN) کے اوپن اولمپیاڈ کے آن لائن مرحلے کی باضابطہ رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روسی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بتایا کہ پاکستان کے وہ طلبہ جو ہائی اسکول مکمل کر چکے ہیں یا یونیورسٹی کے فائنل ایئر میں ہیں، اس اولمپیاڈ میں شرکت کے اہل ہیں۔ سفارتخانے کے مطابق یہ پروگرام ان طلبہ کے لیے ہے جو روس میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔اولمپیاڈ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو روسی حکومت کے کوٹے کے تحت RUDN یونیورسٹی میں مکمل فیس کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ رنر اپ آنے والے امیدواروں کو فیس میں نمایاں رعایت مل سکتی ہے، جبکہ دستیاب کوٹے کی صورت میں انہیں بھی مفت تعلیم کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔شرکت کے لیے امیدواروں کو آن لائن رجسٹریشن کرانا ہو گی اور پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد یا سرٹیفکیٹس اور تازہ ترین تعلیمی سال کے نتائج کی اسکین شدہ نقول جمع کرانا ہوں گی۔ آن لائن ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنے والے امیدواروں کو اگلے مرحلے میں انفرادی انٹرویو کے لیے مدعو کیا جائے گا۔روسی سفارتخانے کے مطابق یہ اقدام پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلیمی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔