نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے گورنر کیتھی ہوکل کی جانب سے پیش کیے گئے نئے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں ایسے اہم اقدامات شامل ہیں جو نیویارک کو زیادہ سستا اور رہنے کے قابل شہر بنانے کی سمت میں پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں،
ان کے مطابق کم عمر بچوں میں سرمایہ کاری خاندانوں کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ شہر میں رہیں، یہیں اپنے بچوں کی پرورش کریں اور ایک مستحکم مستقبل تعمیر کر سکیں۔میئر ممدانی نے کہا کہ گورنر ہوکل کی مالی نظم و ضبط کی پالیسیوں اور نیویارک سٹی کے مضبوط ٹیکس بیس کے باعث ریاست اس وقت مالی طور پر مستحکم بنیادوں پر کھڑی ہے، تاہم شہر کی مالی حالت ایسی نہیں ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال براہِ راست سابق میئر ایرک ایڈمز کی ناقص مالی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ مسائل کو نظرانداز کرنے کی روش کو نہیں اپنائے گی۔ سٹی اور اسٹیٹ کمپٹرولرز کی تازہ رپورٹس کے مطابق آئندہ دو برسوں میں 12 سے 13 ارب ڈالر کا بجٹ خلا سامنے آ چکا ہے، جو میئر ممدانی کی ٹیم کے ابتدائی تخمینوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے طویل مدتی مالی استحکام بحال کیا جائے گا۔بیان کے اختتام پر میئر ممدانی نے کہا کہ گورنر کے بجٹ کا تفصیلی جائزہ ابھی جاری ہے اور آئندہ دنوں میں مزید نکات سامنے آئیں گے، تاہم بنیادی اصول واضح ہے کہ مالی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ محنت کش خاندانوں کا تحفظ، سماجی تحفظ کے نظام کا استحکام اور ایسا شہر تعمیر کرنا ضروری ہے جو صرف چند نہیں بلکہ اکثریت کے لیے کام کرے۔