امریکی محکمہ انصاف کے تحت کام کرنے والے انٹرنیشنل کریمنل انویسٹیگیٹو ٹریننگ اسسٹنس پروگرام (ICITAP) نے اپنی عالمی سرگرمیوں کے 40 سال مکمل کر لیے ہیں۔
6 جنوری 1986 کو قائم ہونے والا یہ ادارہ گزشتہ چار دہائیوں سے بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے امریکی قومی سلامتی کے تحفظ میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ کانگریس کی جانب سے 1985 میں قانونی ترمیم کے بعد آئی سی آئی ٹی اے پی کو غیر ملکی تحقیقاتی صلاحیتوں کو عدالتی اور استغاثہ نگرانی میں مضبوط بنانے کا اختیار دیا گیا۔ابتدائی طور پر 15 لاکھ 20 ہزار ڈالر کے بجٹ کے ساتھ شروع ہونے والا یہ پروگرام پہلے چھ برس ڈپٹی اٹارنی جنرل کے دفتر کے تحت کام کرتا رہا، جہاں اس کی توجہ ایل سلواڈور میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور لاطینی امریکا میں تحقیقاتی صلاحیت بڑھانے پر مرکوز رہی۔ 1993 میں کریمنل ڈویژن میں شمولیت کے بعد آئی سی آئی ٹی اے پی نے بدلتے عالمی خطرات کے پیش نظر اپنی جغرافیائی رسائی اور تکنیکی مہارت میں نمایاں توسیع کی۔آج آئی سی آئی ٹی اے پی تقریباً 70 شراکت دار ممالک میں تفتیش، اصلاحی نظام، فرانزک اور سیکیورٹی اداروں کو تربیت، رہنمائی اور مشاورتی معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ ماضی میں اس کی سرگرمیاں 120 سے زائد ممالک تک پھیل چکی ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، ہوم لینڈ سیکیورٹی اور دفاعی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت یہ پروگرام سرحدوں سے پہلے ہی دہشت گردی، منظم جرائم اور غیر قانونی اسمگلنگ جیسے خطرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔آئی سی آئی ٹی اے پی کے دائرہ کار میں انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، سرحدی و سمندری تحفظ، سائبر جرائم، ڈیجیٹل شواہد، فوجداری تفتیش، فرانزک، جیل نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی ترقی جیسے شعبے شامل ہیں۔ 200 سے زائد ماہر پیشہ ور افراد پر مشتمل یہ ادارہ دنیا بھر میں شراکت دار اداروں کو مضبوط بنا کر امریکی سرزمین کے تحفظ اور قومی سلامتی کے وسیع تر اہداف کے حصول میں براہ راست کردار ادا کر رہا ہے۔