امریکا کے ورچوئل سفارتخانے نے ایران میں موجود امریکی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے انخلا کا ایسا منصوبہ بنائیں جو امریکی حکومت کی مدد پر انحصار نہ کرے۔
ترک انادولو ایجنسی کے مطابق سفارتخانے کی جانب سے جاری سکیورٹی الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں سکیورٹی اقدامات میں اضافہ، سڑکوں کی بندش، پبلک ٹرانسپورٹ میں خلل اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے مسائل جاری ہیں۔الرٹ کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے موبائل، لینڈ لائن اور قومی انٹرنیٹ نیٹ ورکس تک رسائی محدود کی جا رہی ہے، جبکہ فضائی کمپنیوں نے ایران آنے جانے والی پروازیں کم یا منسوخ کر دی ہیں۔ امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیہ کے ذریعے ایران سے نکلنے پر غور کریں، بشرطیکہ یہ محفوظ ہو۔امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں امریکی شہریوں کو پوچھ گچھ، گرفتاری یا حراست کے سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مظاہروں سے دور رہیں اور غیر ضروری توجہ سے بچنے کے لیے محتاط طرزِ عمل اختیار کریں۔سفارتخانے کا مزید کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ملک چھوڑنا ممکن نہ ہو تو شہری کسی محفوظ مقام پر قیام کریں اور اپنے پاس خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا مناسب ذخیرہ رکھیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں مشکلات سے بچا جا سکے۔