vosa.tv
Voice of South Asia!

خفیہ اضافی فیس اور گمراہ کن سبسکرپشن کیخلاف نیویارک سٹی میں نیا قانون نافذ

0

نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے شہریوں کو مالی دھوکے سے بچانے کے لیے دو اہم ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے ہیں، جن کا مقصد خفیہ اضافی فیسوں اور سبسکرپشن کے گمراہ کن طریقوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب مہنگائی اور اخراجات کے دباؤ نے نیویارک کے باسیوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ان ایگزیکٹو آرڈرز کے تحت محکمہ کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن کاروباری اداروں سے فوری رابطہ کرے گا تاکہ سٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ میئر ممدانی کے ساتھ اس موقع پر اٹارنی جنرل لتیشیا جیمز، سٹی کونسل ممبر جولی مینن اور ڈی سی ڈبلیو پی کے کمشنر سیم لیوین بھی موجود تھے۔پہلا ایگزیکٹو آرڈر خفیہ اور غیر ضروری فیسوں کے خلاف ہے، جو اکثر خریداری کے آخری مرحلے میں سامنے آتی ہیں اور صارفین کو اصل قیمت کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔ اس آرڈر کے تحت ایک سٹی وائیڈ جنک فیس ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے جو قیمتوں میں شفافیت کو یقینی بنائے گی اور خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔دوسرا ایگزیکٹو آرڈر سبسکرپشن ٹرکس اور ٹریپس کے خلاف ہے، جن کے ذریعے صارفین کو لاعلمی میں ماہانہ ادائیگیوں میں پھنسا دیا جاتا ہے۔ اس حکم کے تحت ایسے تمام طریقوں کی نگرانی، تحقیقات اور قانونی کارروائی کی جائے گی جن میں فری ٹرائل کو خاموشی سے پیڈ سبسکرپشن میں بدلنا یا سبسکرپشن منسوخ کرنا جان بوجھ کر مشکل بنانا شامل ہے۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ نیویارک کے شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ واضح طور پر جان سکیں کہ وہ کس چیز کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف صارفین کو تحفظ دیا جائے گا بلکہ ان کاروباروں کو بھی فائدہ ہوگا جو ایمانداری سے قیمتیں ظاہر کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.