نیویارک میں ایک وفاقی جج نے چینی نژاد شہری وی کیانگ لن کو رینگنے والے جانوروں کی اسمگلنگ کے جرم میں دو سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت کے مطابق وی کیانگ لن نے زندہ کچھوؤں، سانپوں اور چھپکلیوں کو “کھلونوں” کے طور پر غلط لیبل لگا کر ہانگ کانگ برآمد کرنے کی کوشش کی، جو امریکی قانون لیسی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق اگست 2023 سے نومبر 2024 کے دوران ملزم نے تقریباً 222 پارسل ہانگ کانگ بھیجے، جن میں لگ بھگ 850 کچھوے موجود تھے۔ ان جانوروں کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 14 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔ کسٹمز تفتیش کے دوران یہ جانور جرابوں میں باندھ کر، ٹیپ کے ساتھ پیک کیے گئے پائے گئے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے نایاب اور محفوظ نسل کی چھپکلیاں اور زہریلے سانپ بھی برآمد کرنے کی کوشش کی، جو عالمی معاہدے CITES کے تحت تحفظ یافتہ ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی “آپریشن ٹیراپین” کے تحت کی گئی، جس کا مقصد منظم جانور اسمگلنگ نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔