دمام میں پروفیشنل فورم کی کمیونٹی تقریب کامیاب
سعودی عرب — سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم کے زیرِ اہتمام اور رائزنگ اسٹار کے اشتراک سے ایک عظیم الشان کمیونٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 250 سے زائد خاندانوں اور چھوٹے کاروباری افراد نے شرکت کی۔
اس پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین نے بھی بھرپور شرکت کرتے ہوئے تقریب کو کامیاب بنایا۔اس ایونٹ کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو فروغ دینا، مقامی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانا، اور کمیونٹی کو ایک مثبت، محفوظ اور پیشہ ورانہ ماحول میں متحد کرنا تھا۔ پروگرام کے دوران مختلف چھوٹے کاروباروں کو اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے چیئرمین رانا کاشف رضا نے کہا کہ پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم کا مقصد صرف تقریبات کا انعقاد نہیں بلکہ کمیونٹی کے لیے ایک مؤثر اور پائیدار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں لوگ اعتماد کے ساتھ ترقی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فورم ایسے اقدامات کے ذریعے کاروباری افراد کو خودمختار بنانے اور معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔