شکاگو میں فواد خان کا میٹ اینڈ گریٹ شائقین کا دل جیت گیا
شکاگو — پاکستانی سپر اسٹار فواد خان نے شکاگو میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ سیشن میں شرکت کر کے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے، جہاں فلم نیلوفر کے ریڈ کارپٹ پریمیئر کے حوالے سے شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
کاشف خان ایونٹس کے آرگنائزر کاشف خان نے متعدد پارٹنرز کے تعاون سے خصوصی میٹ اینڈ گریٹ اور ریڈ کارپٹ پریمیئر کا انعقاد کیا، جس نے شائقین میں خاصا جوش و خروش پیدا کیا۔ریڈ کارپٹ پریمیئر کی اصل تاریخ 29 نومبر طے تھی، تاہم شدید برفانی طوفان کے باعث تقریب کو ملتوی کر کے یکم دسمبر 2025 تک منتقل کرنا پڑا۔ فواد خان فلم کی پروموشن کے سلسلے میں مختلف شہروں میں فینز اور میڈیا سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور شکاگو میں بھی انہوں نے بھرپور پذیرائی حاصل کی۔ سینی لاؤنج سنیما، نائلز الینوائے میں منعقدہ اس تقریب میں 300 سے زائد افراد شریک ہوئے، جن میں پاکستانی اور بھارتی نژاد شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شو کی میزبانی نعمان خان اور وندنا والیہ نے کی۔تقریب کے دوران وندنا والیہ کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان نے برف باری کے باوجود شکاگو کے گرمجوش اور دوستانہ ماحول کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شکاگو کے ڈیپ ڈش پیزا پہلے بھی آزما چکے ہیں مگر انہیں شہر کے مشہور ہاٹ ڈاگز زیادہ پسند ہیں۔ فواد خان نے فلم نیلوفر کے عالمی سفر، لاہور کی خوبصورت عکاسی اور کہانی کی آفاقی اپیل پر بھی روشنی ڈالی اور فلم کو تین الفاظ میں ’’خالص محبت اور جمالیاتی‘‘ قرار دیا۔فلم نیلوفر میں فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی سالوں بعد دوبارہ ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوئی ہے، جسے دیکھنے کے لیے مداح بے تاب تھے۔ فلم کے ہدایت کار و مصنف عمار رسول ہیں، جب کہ کاسٹ میں مدیحہ امام، بہروز سبزواری اور دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔ فواد خان اس فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔تقریب کے اختتام پر فواد خان کی سالگرہ بھی منائی گئی، جس کی اصل تاریخ 29 نومبر تھی۔ میٹ اینڈ گریٹ میں مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انہیں فواد خان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیز لینے کا موقع بھی ملا۔ سوشل میڈیا پر فلم دیکھنے والے بیشتر صارفین نے نیلوفر کو شاندار اور متاثرکن قرار دیا۔