احتیاط علاج سے بہتر، آئی پی اے سی فاؤنڈیشن کی مہم
شکاگو میں انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول فاؤنڈیشن (IPAC فاؤنڈیشن) کے زیرِ اہتمام پہلا سالانہ گالا 1 ڈبل ٹری اوک بروک میں شاندار انداز میں منعقد ہوا۔
اس تقریب میں مخیر حضرات، کمیونٹی رہنما، اور طبی ماہرین نے شرکت کی، جس کا مقصد احتیاطی تدابیر، صحت کی بیداری اور علاج سے زیادہ روک تھام کے کلچر کو فروغ دینا تھا۔تقریب کی قیادت آئی پی اے سی فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر سمیر شفیع نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ "ہمارا مشن صرف علاج نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ذریعے امید اور شفا لانا ہے۔ یہ گالا ایک موقع نہیں بلکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کی تحریک ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد عوام میں احتیاطی شعور اجاگر کر کے متعدی بیماریوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔ڈاکٹر شفیع نے بتایا کہ آئی پی اے سی فاؤنڈیشن خاص طور پر ہیپاٹائٹس بی اور سی کے خلاف سرگرم عمل ہے اور ملک بھر میں متعدد اسکریننگ کیمپس اور ویکسینیشن مہمات چلا رہی ہے۔ فاؤنڈیشن کا اہم پروگرام “ہیپاٹائٹس ٹرانسمیشن کے خلاف رضاکار فورس (VFAHT)” اس وقت 49 میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کے 4,500 سے زائد طلبہ کی مدد سے فعال ہے، جو ملک بھر میں میڈیکل کیمپس، ہیپاٹائٹس اسکریننگ، خون کے عطیات اور تربیتی ورکشاپس کے ذریعے عوامی صحت میں نمایاں بہتری لا رہے ہیں۔تقریب میں دیگر مقررین ڈاکٹر ثمینہ بتول، ڈاکٹر ریم شفیع، ڈاکٹر نزہت چالیسہ اور اظہر حمید نے بھی فاؤنڈیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ میزبان سلمان اعظم اور شہنور شفیع نے پروگرام کو بہترین انداز میں پیش کیا۔ عمیر سراج اور عامر چالیسہ نے تقریباً 8 لاکھ ڈالر کے عطیات جمع کر کے فاؤنڈیشن کی مالی معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔مہمانِ خصوصی میں شکاگو کے پاکستانی قونصل جنرل زمان مہدی اور ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی شامل تھے۔ تقریب کا اختتام پرتکلف عشائیے پر ہوا، جہاں شرکاء نے فاؤنڈیشن کی کامیابیوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی صحت مند معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔