شکاگو: پاکستانی فزیشنز سوسائٹی کا سالانہ اجلاس شاندار انداز میں منعقد
شکاگو میں پاکستانی فزیشنز سوسائٹی کا سالانہ اجلاس شاندار انداز میں منعقد ہوا۔
تقریب میں امریکہ اور پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام، سماجی خدمات، اور انسانی فلاح کے موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور پاکستان و امریکہ کے قومی ترانوں سے ہوا۔ 400 سے زائد مہمانوں کی شرکت نے ایونٹ کو تاریخی بنادیا۔ اجلاس میں اے پی پی این اے کے صدر ڈاکٹر آفتاب خان، پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی، شکاگو سٹی کی خزانچی میلیسا ایرون اور کک کاؤنٹی کے مبصر فریڈرک کیگی سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔تقریب میں تنظیم کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ پی پی ایس کی صدر ڈاکٹر تہمینہ باجوہ نے 2025 کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور ان افراد کو اعزازات دیے جنہوں نے کمیونٹی کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا، جن میں معروف صحافی سید خلیل اللہ بھی شامل ہیں۔ایونٹ کے دوران مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کو انسانی خدمت، لائف ٹائم اچیومنٹ، اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے ایوارڈز دیے گئے۔ تقریب کا اختتام معروف گلوکار علی پرویز مہدی کے شاندار موسیقی پروگرام سے ہوا جس نے شرکاء کو محظوظ کیا۔