vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات میں پیش رفت

0

امریکا اور چین نے ملائیشیا میں ہونے والے تجارتی مذاکرات کے مثبت نتائج کو سراہتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ دونوں ممالک جلد ایک معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ 2019 کے بعد پہلی مرتبہ جمعرات کو جنوبی کوریا کے شہر گیونگجو میں اےپیک سمٹ کے موقع پر ملاقات کریں گے۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایک بنیادی "فریم ورک” تیار کرلیا گیا ہے جس پر دونوں رہنما اگلے مرحلے میں غور کریں گے۔ بیسنٹ کے مطابق ممکنہ معاہدے سے چین کی جانب سے نایاب معدنیات پر برآمدی پابندیوں کو مؤخر کیا جا سکتا ہے، جبکہ امریکا چین کی درآمدات پر عائد 100 فیصد ٹیکس کے نفاذ سے گریز کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چین نے امریکی زرعی مصنوعات، خصوصاً سویابین کی بڑی مقدار میں خریداری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے درمیان "بنیادی اتفاق” ہو چکا ہے اور اب معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے بعد گھریلو منظوری کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔ مذاکرات کی کامیابی کی خبر کے بعد پیر کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ جاپان کے نِکّئی 225 اور جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں بالترتیب 2.1 اور 2.3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس بھی 0.85 فیصد بڑھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.