نیویارک سٹی میں 2025 کے میئرل جنرل الیکشن کے ابتدائی دو دنوں میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد شہریوں نے ووٹ ڈال کر ریکارڈ قائم کر دیا۔
شہر کے الیکشن بورڈ کے مطابق صرف ہفتے اور اتوار کے دوران پانچوں بروز میں کل 164,190 ووٹر چیک اِن ریکارڈ کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ بروکلین میں 49,432 اور مین ہیٹن میں 49,191 ووٹرز نے شرکت کی۔کوئینز تیسرے نمبر پر 38,791 ووٹرز کے ساتھ رہا، جبکہ برونکس میں 14,225 اور اسٹیٹن آئی لینڈ میں 12,551 ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ یہ شرح 2021 کے میئرل انتخابات کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے۔ابتدائی ووٹنگ کے دوسرے دن شہریوں کی بڑی تعداد مختلف علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز پر نظر آئی۔ مین ہیٹن کے مورننگ سائیڈ ہائٹس اور ہارلم میں ووٹرز نے بڑی حد تک ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی کی حمایت کا اظہار کیا، جبکہ کچھ ووٹرز نے آزاد امیدوار اور سابق گورنر اینڈریو کومو کے حق میں ووٹ دیا۔ ریپبلکن امیدوار کرٹس سلِیوا کی حمایت نسبتاً کم دیکھی گئی، تاہم 2021 کے مقابلے میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، اور وہ حالیہ سروے میں 10 سے 20 فیصد ووٹ حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ابتدائی ووٹنگ نیویارک سٹی کے تمام پانچ بروز میں 2 نومبر تک جاری رہے گی، جبکہ عام انتخابات 4 نومبر کو ہوں گے۔ ووٹرز نہ صرف میئر بلکہ دیگر مقامی عہدوں اور ریفرنڈمز پر بھی ووٹ ڈالیں گے۔