
جدہ میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے ملک منظور کے اعزاز میں تقریب
جدہ: پاکستان بزنس کمیونٹی جدہ کے جنرل سیکریٹری انجنیئر سجاد خان کی جانب سے معروف بزنس مین ملک منظور کے یورپ کے کامیاب دورے کی خوشی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں جدہ کی کاروباری اور صحافتی برادری کے متعدد اہم افراد نے شرکت کی۔ شرکائے تقریب نے ملک منظور کو کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔تقریب میں شرکت کرنے والی نمایاں کاروباری شخصیات میں عبد الخالق لک، عقیل آرائیں، چوہدری شہباز، جمشید جمی، ولید بہادر، عبدالشکور، چوہدری شاہد حسین، امجد گجر، افضل جٹ اور زوہیب علی شامل تھے۔ ان تمام شخصیات نے پاک سعودی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور اسے دونوں ممالک کے معاشی مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا۔تقریب کے مقررین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اقتصادی معاہدے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، تعمیرات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ ہوگا۔آخر میں انجنیئر سجاد خان، ملک منظور اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری آ رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے حکومتی پالیسیوں میں مثبت تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے وطن میں بزنس منصوبوں میں سرمایہ کاری کر کے ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔