
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب سے قبل غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایسکیلیٹر اچانک بند ہوگیا اور بعد ازاں ٹیلی پرامپٹر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا۔ صدر ٹرمپ نے ان دونوں مسائل کو اقوام متحدہ کی "نااہلی” کی علامت قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے وضاحت کی کہ دراصل صدر ٹرمپ کے وفد سے تعلق رکھنے والے ایک ویڈیو گرافر نے ایسکیلیٹر کے اوپر حفاظتی بٹن کو غیر ارادی طور پر دبا دیا، جس کے باعث یہ رک گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ نظام اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ کسی حادثے کی صورت میں لوگوں کو پھنسنے سے بچایا جا سکے۔خطاب کے آغاز پر صدر ٹرمپ نے یہ بھی شکایت کی کہ ان کا ٹیلی پرامپٹر درست طریقے سے نہیں چل رہا، اور انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "جو بھی یہ چلا رہا ہے وہ بڑی مصیبت میں ہے۔” اقوام متحدہ کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ صدر کا ٹیلی پرامپٹر دراصل وائٹ ہاؤس کی ٹیم کے کنٹرول میں تھا۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے دفاتر میں بجٹ بحران کے باعث حالیہ مہینوں میں برقی زینے اور لفٹیں عارضی طور پر بند رہتی رہی ہیں۔ اس مالی بحران کی بڑی وجہ رکن ممالک کی جانب سے فنڈز کی تاخیر ہے، جن میں امریکہ، جو اقوام متحدہ کا سب سے بڑا مالی معاون ہے، بھی شامل ہے۔