اتحاد میں بہتری امن ترقی اور انسانی حقوق کے لیے 80 سال اور اس سے آگے’ کے بنیادی موضوع کے تحت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں عام مباحثے کا آغاز ہوچکا ہے۔
23 سے 29 ستمبر تک دنیا کی نظریں جنرل اسمبلی کے ہال میں سبز سنگِ مرمر کے مشہور سٹیج پر مرکوز ہوں گی جہاں صدور، وزرائے اعظم اور بادشاہ عالمی مسائل کے تناظر میں امن، ترقی، انسانی حقوق، اور اجتماعی اقدام کے حوالے سے اپنے قومی موقف پیش کریں گے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ یہ اجلاس ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب دنیا کو بڑھتے ہوئے مسائل حل کرنے کے لیے کثیرالفریقی اقدامات درکار ہیں۔اس اجلاس میں ستمبر سے شروع ہونے والے اعلیٰ سطحی ہفتے میں متعدد سربراہی اجلاس اور پروگرام شامل ہوں گے جن میں اقوام متحدہ کی 80ویں سالگرہ سے متعلق تقریب، پائیدار ترقی کے اہداف پر اجلاس اور خواتین کے حقوق پر بیجنگ کانفرنس کی 30ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والا اجلاس خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں، فلسطین کے مسئلے کے پرامن اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرنس بھی اس اجلاس کا اہم حصہ ہو گی۔پائیدار ترقی کے لیے مالیاتی معاونت پر دو سالہ سربراہی اجلاس، موسمیاتی تبدیلی پر اعلیٰ سطحی اجلاس، مصنوعی ذہانت کے انتظام پر عالمی مکالمے کا آغاز، غیر متعدی بیماریوں اور ذہنی صحت کے حوالے سے عالمی اقدامات اور میانمار میں روہنگیا اور دیگر اقلیتوں کی صورتحال پر بات چیت بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔