نیویارک میں خواتین کی میلاد النبی کی محفل
نیویارک میں سماجی تنظیم پاور نے سرکارِ دو عالم کی ودلات کی مناسبت سے میلاد کی محفل سجائی ۔ معروف نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کرکے سماں باندھ دیا۔
جشنِ عید میلاد النبی کی مناسبت سے نیویارک میں سماجی تنظیم پاور کے زیر اہتمام ہکس وِل میں منعقد میلاد النبی کی محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ۔میلاد النبی کی محفل میں خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ میلاد کے لیے ہال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ معروف ثناء خواں قاری محمد فاروق نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔جشنِ عید میلاد النبی سے معروف عالمِ دین تصور الحسن گیلانی نے خطاب اور سیرت النبی پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پروردرگار ِ عالم نے ساری کائنات اپنے محبوب کی محبت میں تخلیق فرمائی ، میلاد النبی کی نعمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا ذریعہ ہیں۔
پاور کی روحِ رواں طاہرہ دین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا او ران کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر طاہرہ دین اور دیگر خواتین کا کہنا تھا کہ خالقِ کائنات کا ہم پر خاص کرم ہے کہ اس نے ہمیں یہ توفیق دی کہ ہم رحمت اللعاالمین کا میلاد منعقدکرسکیں۔ عید میلاد النبی کی محفل میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔ طاہرہ دین کی صاحبزاد ی حبا محمود نے گلہائے عقیدت پیش کیے ۔
اس موقع پر حبا محمود اور میلاد میں شریک خواتین نے مل کر بارگاہِ رسالتمیں سلام بھی پیش کیا۔جشنِ عید میلاد النبی میں ناسا کاونٹی میں ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی او ر ڈاکٹر فراز سمیت کمیونٹی کی سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طاہرہ دین اور ان کی فیملی کی خدمات کو سراہا۔قبل ازیں معروف عالم دین تصور الحسن گیلانی نے اجتماعی دعا بھی کروائی ۔