بولنگ بروک سٹی نے قونصل جنرل طارق کریم کو ’’کی ٹو دی سٹی‘‘ پیش کردی
شکاگو(رپورٹ / سید خلیل اللہ )پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات اور کمیونٹی میں مثبت کردار کے اعتراف میں، بولنگ بروک شہر کی میئر مریم الیگزینڈرباسٹا نے پاکستان کے شکاگو میں تعینات قونصل جنرل طارق کریم کو شہر کی اعلیٰ ترین علامتی اعزازکی ٹو دی سٹی پیش کی۔
یہ اعزاز ایک تاریخی اور علامتی اعزاز کے طور پر دیا گیا، جس کا مقصد قونصل جنرل کی دوطرفہ سفارتی تعلقات کو فروغ دینے، مقامی پاکستانی نژاد کمیونٹی سے روابط مضبوط کرنے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی خدمات کو سراہنا تھا۔تقریب میں میئر الیگزینڈرباسٹا نے قونصل جنرل کی قائدانہ صلاحیتوں اور ان کے سفارتی وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شکاگو لینڈ ریجن میں پاکستانی نژاد کمیونٹی اور امریکی سوسائٹی کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے۔
تقریب میں ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز کے صدر طلعت راشد اور سابق میئر راجر کلار نے بھی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔قونصل جنرل طارق کریم نے اعزاز وصول کرتے ہوئے اسے پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل پاکستان کے نام ہے، اور یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے خاص طور پر تین دہائیوں پر محیط پاکستانی پرچم کشائی کی روایت اور بولنگ بروک سیالکوٹ سسٹر سٹی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاک امریکہ تعلقات کی بنیاد کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ کی ٹو دی سٹی صرف ایک علامت نہیں، بلکہ مستقبل کے تعاون، ثقافتی تبادلوں اور معاشی اشتراک کے نئے دروازے کھولنے کی نوید ہے۔تقریب میں شہر کے سرکاری عہدیداران، سفارتی نمائندگان، مقامی و قومی کمیونٹی رہنما اور دیگر معززین نے شرکت کی، جس سے اس بات کی عکاسی ہوئی کہ قونصل جنرل کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔