vosa.tv
Voice of South Asia!

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن شکاگو کی فنڈ ریزنگ

0

 شکاگو(رپورٹ /سید خلیل اللہ )بچوں کی صحت اور تحفظ کے لیے وقف ایک غیر منافع بخش تنظیم، چائلڈ لائف فاؤنڈیشن شکاگو کی جانب سے شکاگو کے نواحی علاقے ولا پارک میں ایک شاندار فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز ا تلاوتِ قرآن  پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر ثمینہ یوسف نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ایونٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس فنڈ ریزنگ ایونٹ کا بنیادی مقصد پاکستان میں بچوں کے لیے بہتر اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی سالانہ کارکردگی اور مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے، تنظیم کے سینئر نمائندہ عارف حسین نے شرکاء کو فاؤنڈیشن کے کام کی جھلکیاں دکھائیں۔ اس موقع پر تنظیم کے سی ای او ڈاکٹر احسن ربانی نے پاکستان میں چائلڈ لائف کے کردار، خدمات اور وژن پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے  کہاکہ چائلڈ لائف شکاگو کا ایجنڈا پاکستانی بچوں کی مدد کرنا ہے، اور ہمارا مقصد پاکستان کو بچوں کے لیے محفوظ تر بنانا ہے۔

ڈاکٹر احسن ربانی نے بتایا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن پاکستان میں حکومت کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 13 جدید ایمرجنسی رومز اور 300 سے زائد ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز چلا رہی ہے۔ یہ ادارہ سالانہ 20 لاکھ سے زائد بچوں کو چوبیس گھنٹے، بلا معاوضہ معیاری ہنگامی طبی امداد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ  کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں قائم کنٹرول رومز کے ذریعے دیہی ہسپتالوں کو ماہر بچوں کے ڈاکٹروں سے جوڑا جاتا ہے، جس سے دور دراز علاقوں میں موجود طبی عملے کو فوری رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے تفریحی رنگ بھی شامل کیا گیا، جس میں معروف پاکستانی اسٹینڈ اپ کامیڈین احمد بٹ نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں حاضرین کو محظوظ کیا۔تقریب میں شریک پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں، کاروباری افراد، اور کمیونٹی رہنماؤں نے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور اس نیک مقصد کے لیے دل کھول کر عطیات دیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.