vosa.tv
Voice of South Asia!

گرین کارڈ ہولڈر بھارتی سکھ تاجر امریکا واپسی پر زیرِ حراست

0

امریکا میں مقیم بھارتی نژاد گرین کارڈ ہولڈر کو امیگریشن حکام نے شکاگوسےحراست میں لے لیا۔ 30 سال سے امریکا  میں رہائش پذیر پرمجیت سنگھ کی گرفتاری نے ان کے خاندان اور وکلا کو شدید پریشانی میں ڈال دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد امیگریشن قوانین پر سختی کر دی ہے۔حکومتی پالیسی کے مطابق یہ کارروائیاں پرتشدد جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہونی چاہئیں، لیکن متعدد ایسے افراد بھی حراست میں لیے گئے ہیں جن کے خلاف پرانے یا معمولی الزامات ہیں، اور بعض کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرمجیت سنگھ کو 30 جولائی کو بھارت سے واپسی پر شکاگو او ہیئر ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا۔ وہ انڈیانا میں کاروبار کرتے ہیں اور ان کے وکیل کے مطابق وہ گزشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے وفاقی حراست میں ہیں۔ پرمجیت دماغی رسولی کے مریض ہیں اور فیملی کو ان کی صحت پر شدید خدشات ہیں۔پرمجیت سنگھ کے خلاف مبینہ جرم ایک پے فون کے بغیر ادائیگی کے استعمال سے متعلق  ایک معمولی خلاف ورزی ہے، جس کی سزا وہ پہلے ہی پوری کر چکے ہیں۔ وکیل کے مطابق انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی، سزا کاٹی، اور معاشرے کا ذمہ دار فرد بن کر اب تک کام کیا۔ اب جبکہ وہ قانونی مستقل رہائشی  ہیں، تو انہیں حراست میں رکھنا غیر ضروری، غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے۔پرمجیت کے وکیل نے مؤقف اپنایا ہے کہ ان کے مؤکل نے ہمیشہ قانونی تقاضے پورے کیے، امیگریشن کا تمام عمل درست طور پر مکمل کیا اور مقامی کمیونٹی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پرمجیت کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل حکام سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے ترجمان کے مطابق گرین کارڈ ایک سہولت ہے، حق نہیں، اور اگر کسی شخص کے خلاف پرانے جرائم کا ریکارڈ ہو تو اسے حراست میں لیا جا سکتا ہے یا مزید قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پرمجیت سنگھ کے وکلا نے حراست کو چیلنج کرنے کے لیے اپیل دائر کر دی ہے۔ قانونی ٹیم نے فیڈرل کورٹ سے فوری جائزے کی درخواست کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ اہلِ خانہ ضمانت کے ذریعے رہائی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.