امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ چین اور بھارت پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرے تاکہ روس پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے ماسکو کو مجبور کیا جا سکے۔
امریکی اور برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے یہ مطالبہ منگل کے روز واشنگٹن میں امریکی اور یورپی حکام کے ایک اجلاس میں ویڈیو کال کے ذریعے شرکت کے دوران کیا۔فائنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر یورپی ممالک بھی اس اقدام میں شامل ہوں تو امریکہ چین اور بھارت پر مزید سخت تجارتی پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا گیا "ہم پوری طرح تیار ہیں لیکن یہ اقدام اسی وقت کیا جائے گا جب ہمارے یورپی شراکت دار ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔”یہ تجارتی دباؤ ان ممالک پر اس لیے ڈالا جا رہا ہے کیونکہ چین اور بھارت روسی تیل کے بڑے خریدار ہیں۔ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ بھارتی مصنوعات پر ٹیرف 50 فیصد تک بڑھا دیا تھا اور اس کی وجہ بھارت کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل خریداری کو قرار دیا تھا۔منگل کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی تجارتی رکاوٹوں پر مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ جلد ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بات کرنے کے منتظر ہیں۔ ٹرمپ نے کہا "مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے دونوں عظیم ممالک کے لیے مذاکرات کامیاب نتیجے پر پہنچیں گے۔”بدھ کو مودی نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری بات چیت تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ مودی نے کہا کہ وہ بھی صدر ٹرمپ سے گفتگو کے منتظر ہیں۔