vosa.tv
Voice of South Asia!

چھتیس سال قبل امریکا آئے پاکستانی شہری کی میت گجرانوالہ روانہ

0

پاکستان سے چھتیس سال قبل  روشن مستقبل کی تلاش میں امریکا ہجرت کرنے والے ٹیکسی ڈرائیور محمد آصف اکسٹھ سال کی عمر میں رضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے۔مرحوم کی میت ان کےآبائی شہر گجرانوالہ روانہ کردی گئی ہے۔

پاکستان کے شہر گجرانوالہ کے رہائشی محمد  آصف مولا نے1989 میں 25 برس کی نوجوان عمری میں بہتر مستقبل اور ادھورے خوابوں کی تعبیر کے لیے امریکا ہجرت کی اور نیویارک پہنچ کر مستقل  سکونت اختیار کرلی۔ ابتدا میں  مختلف نوعیت کی ملازمتیں کیں اور اب کئی عرصہ سے ٹیکسی  چلا رہے تھے۔ضرور ی قانونی دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے وہ کبھی بھی پاکستان نہیں جاسکے ۔36 سال کے اس طویل عرصے کے دوران محمد آصف کی اہلیہ سمیت کئی اپنے اس دنیا سے رخصت ہوگئے لیکن  ان کی پاوں میں پڑی مجبوریوں کی بیڑیاں نہ کھل سکیں۔گزشتہ روز محمد آصف مولیٰ رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کے دوستوں نے ان کی تجہیز و تکفین کا انتظام کیا اور الریان مسلم فیونرل سروسز میں  انھیں  غسل کفن  دیا گیا۔ محمد آصف کی نمازِ جنازہ کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں ادا کی گئی ۔

نمازِ جنازہ میں مرحوم کے دوست احباب اور کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔اس موقع پر مسجد کے پیش امام  کا کہنا تھا کہ  انسان  کے دل و دماغ میں وقت کے ساتھ کئی خواہشیں جنم لیتی ہیں لیکن اسے یاد رکھنا چاہیے کہ موت  وہ اٹل حقیقت ہے جس کا وقت  مقرر ہے لیکن  وہ کس کی زندگی میں وہ لمحہ  کب آجائے کوئی نہیں جانتا۔

نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم  محمد آصف مولا کا جسدِ خاکی نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے پاکستان روانہ کردیا گیا ہے۔ مرحوم کی  تدفین ان کے آبائی شہر گجرنوالہ میں کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.