vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان ڈے پریڈ نیویارک، ندیم عباس لونے والا کی لائیو پرفارمنس

0

پاکستان ڈے پریڈ نیویارک  نے یوم آزادی کے جشن کا مزہ  دوبالاکردیا۔معروف فوک گلوکار  ندیم عباس لونے والا  کی  گائیکی سے  منچلے جھوم اٹھے ۔کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

نیویارک میں پاکستان  کے جشن آزادی  کی مناسبت سے تقریبات  کا سلسلہ جاری ہے۔  اکتالیس ویں  سالانہ  پاکستان ڈے پریڈ نیویارک مین ہیٹن میں  38 اسٹریٹ پر تلاوتِ  کلامِ پاک اور نعت  ِ رسول مقبول سے شروع ہو ئی ۔پریڈ کے آغاز  پر نیویارک پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی  اور مارچ کیا، اس موقع پر امریکا اور  پاکستان  کے قومی  ترانے بھی  پڑھے  گئے ۔نیویارک کے مختلف علاقوں سے کمیونٹی کے افراد  کار ریلی کی صورت میں  سبز ہلالی پرچم لہراتے اور پاکستان  زندہ  باد کے  نعرے  لگاتے  ہوئے پریڈ میں پہنچے۔شرکاء   کے لیے ناشتے میں گرما گرم حلوہ پوری کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا، نیویارک  سٹی کے میئر ایرک ایڈمز بطور مہمان خصوصی  اور کمشنر عاصم  الرحمان  پریڈ    کے گرینڈ  مارشل کے طور پر شریک  ہوئے، شرکاسے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  مجھے فخر ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے   لیے وہ سب کچھ کیا جو ماضی میں کوئی نہ کرسکا،تمام حکومتی شعبوں میں پاکستانی نژاد افسران  کی   خدمات پر ہم سب کو فخر ہونا چاہیے۔

 پاکستان ڈے  پریڈ میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جنھوں نے قومی پرچم کے  رنگوں سے  مشابہہ لباس زیب تین کیے ہوئے تھے ،نوجوان ، مردو  خواتین اور بزرگ افراد سب ہی وطن کی محبت میں  کھنچے چلے آئے ، بچوں   نے ملی  نغموں پر شاندار پر فارمنس کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں نیویارک پو لیس میں پاکستانی نژاد افسران، دیسی  سوسائٹی، خیبر سوسائٹی آف امریکا  کے وفود نے شرکت کی،  پاکستانی  امریکیوں کی سیاست میں شمولیت کے لیے کوشاں اے پی پیک  کے  چیئر مین اور پریڈ کے اعزازی گرینڈ مارشل ڈاکٹر  اعجاز احمد سمیت مختلف  تنظیموں  کے  فلوٹس  بھی  چلتے رہے  جن  پر موجود شرکا نے  ملی نغموں کی دھنوں  پر  سبز ہلالی پرچم لہراے اور جشن کا لطف دوبالا کیا۔ میئر نیویارک آفس میں  مسلم  وومن لائژن آفیسر عطیہ شہناز  کا کہنا تھا کہ اس شہر میں  پاکستان کا  پرچم بلند  ہوتا دیکھ کر جو خوشی  ہوتی ہے اسے  بیان نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان ڈے پریڈ نیویار ک کے  چیئرمین ڈاکٹر مظہر الحق،  شریک  چیئر مین  خاور بیگ، صدر منیر لودھی،  جنرل سیکرٹری  ہارون رامے ، بورڈ آف ٹرسٹیز میں شامل  احمد خان،  احمد جان اور اسد چودھری اور دیگر  کی  قیادت  میں  شرکا  26 اسٹریٹ پر  پہنچے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور باہمی  اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے  کی ضرورت  ہے۔تقریب  کے شرکا وطن کی  محبت کے جذبے سے سرشار دکھائی  دیے۔ پریڈ کمیٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز  احمد خان   نے اوور سیز پاکستانیوں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پاکستان اوور سیز فورم کے چیئر مین شاہد رضا رانجھا اور کمیونٹی کے بزرگ سماجی رہنما اور پاکولی کے بانی بشیر  قمر کا کہنا تھا  کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ  ہماری اولین ترجیح ہے،زندہ قومیں   اپنی آزادی کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔

پاکستان  ڈے پریڈ میں  موسیقی  کی محفل سجی  تو   مقامی گلوکار  نے اپنی  آواز کا جادو جگایا اور سب  دل لبھایا۔اس موقع پر سبز ہلالی پرچم کے سائے میں  نوجوانوں نے عربی  ثقافتی رقص کا مظاہرہ کرکے سب  کے دل موہ لیے۔پاکستان سے آئے ہوئے مشہور  پنجابی فوک  گلوکار   ندیم  عباس  لونے  والانے  استاد  نصرت فتح علی  خان مرحوم کی     شہرہ آفاق قوالی سے سے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔ گلوکار ندیم عباس لونے  والا نے اپنا  مشہور  گیت  بسمہ اللہ کراں سمیت حاضرین کی فرمائش  پر کئی دیگر  نغمے سنا کر محفل کی  رونق کو چار چاند لگا دیے۔تقریب کے اختتام سے قبل  پاکستانی نژاد پولیس افسران سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ ز سے نوازا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.