vosa.tv
Voice of South Asia!

کیلیفورنیا: پاکستانیوں نژاد امریکیوں کی خدمات میں اعتراف میں اہم قرار داد منظور

0

سیکرامنٹو (عارف الحق عارف) کیلیفورنیا کی سینیٹ نے اپنی ریاست میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی سماجی، تعلیمی، معاشرتی اور ثقافتی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کا اور ان خدمات کے اعتراف کے طور پر متفقہ طور پر ایک قرارداد نمبر ۵۳۶ منظور کی ہے۔

یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ۱۴ اگست ۱۹۴۷ کو آزادی حاصل کرنے کے بعد امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے اور اپنی تاریخ سے دنیا بھر کی اقوام کو آزادی، انصاف اور مساوات کی جستجو میں حوصلہ دیا۔یہ قراداد ۷ اگست کو سینیٹر میلیسا کی تجویز پر منظور ہوئی تھی لیکن پیر کو اس کا خصوصی اجلاس ہوا اور اس کا اعلان امریکہ میں پاکستان کے سفیر عزت مآب رضوان سعید شیخ اور دیگر پاکستانیوں کی ایوان میں موجودگی میں کیا گیا۔

رضوان سعید نے بعد میں ایوان سے باہر پاکستانی اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد برادری کی کیلیفورنیا کی تعمیرو ترقی اور معیشت کے فروغ میں شاندار کارگزاری کے اعتراف پر مبنی اس قرارداد کی منظوری سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات مستحکم بنیادوں پر نہ صرف قائم ہیں بلکہ ان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

اس موقع پر لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے قائمقام قونصل جنرل محمد مبشر خان، کونسل آف پاکستان امریکن افیئرز کے صدر عدنان الحق خان ڈاکٹر عرفان، آصف حق جناح، ٹی ایس آئی انجیئرنگ کے بانی انجیئر مقصود علی، عارف الحق عارف، وی ون ہیلتھ کے سی ای او اعجاز عارف، آئی سائیکاٹٹری کے صدر ڈاکٹر جواد عارف، سی ایف اوز ایڈوائزرز کے صدر عمران ظفر اور عزمی گل بھی موجود تھے۔

سفیر محترم نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نیویارک ریاستی اسمبلی بھی ایسی ہی قرارداد پاس کر چکی ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں دوسری ریاستوں کی اسمبلیاں اور سینٹ بھی اس طرح کی قراردادیں منظور کریں۔ قرارداد میں اس بات کا مزید لاعتراف کیا گیا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنی محنت، قربانی اور ثابت قدمی سے کیلیفورنیا کی نئی بستیوں کو خوشحال اور معزز آبادیوں میں بدل دیا ہے اور اپنی آئندہ نسلوں کو ایک فعال اور کارآمد شہری بنایا ہے۔اس بات کو مزید خوش آئیند قرار دیاگیا کہ امریکی سر زمین پر آباد پاکستانی آج امریکی مین اسٹریم سوسائٹی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور انہوں نے مالیات، قانون، طب، تعلیم، ٹیکنالوجی، کھیل، میڈیا، فنون، فوج اور حکومت سمیت ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کے عوام پاکستانی امریکن تعلقات کو ان کی کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف کے طور پر مناتے ہیں اور ان کے سامنے موجود چیلنجز اور مواقع کی قدر کرتے ہیں۔سینیٹ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پاکستانی امریکن نئی نسلوں کو اپنے آباؤ اجداد کی قدروں، ثقافتی ورثے اور اپنی جڑوں سے وابستگی کا سبق دے رہے ہیں تاکہ وہ کیلیفورنیا کی متنوع تہذیب اور ثقافت میں اپنا بہتر حصہ ڈال سکیں۔اس قرارداد میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات اور ان تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو ریاست بھر میں پاکستانی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دے رہی ہیں۔رضوان شیخ بعد میں واشنگٹن واپس روانہ ہوگئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.