پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کا لانگ آئی لینڈ میں تاریخی جشنِ آزادی میلہ
نیویارک (رپورٹ : ثمرین حسین)پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کے زیرِاہتمام لانگ آئی لینڈ میں جشنِ آزادی پاکستان کا تاریخی میلہ سجایا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔معروف گلوکار احمد جہانزیب اور صومیہ خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ حاضرین نے خوب بھنگڑے ڈالے۔
نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈمیں واقع آئزن ہوور پارک میں پاکستان کی آزادی کے 78 سال مکمل ہونے کا جشن شایان شان طریقے سے منایا گیا۔میلے کا اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کی جانب سے کیا گیا جس میں مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ پروگرام کی مناسبت سے پارک کو سبز و سفید جھنڈیوں، بینرز اور روشنیوں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا، جو پاکستان کے قومی دن کی شان بڑھا رہا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانے پیش کیے گئے۔تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کے جنرل سیکرٹری عاصم ملک نے سر انجام دئیے۔تقریب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خصوصی شرکت کی۔ کمیونٹی سے خطاب میں قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جشنِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور محبت وطن کے لیے سرمایۂ افتخار ہے۔
اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین نے بھی شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے انھیں جشن آزادی کی مبارکباددی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کے صدر ہمایوں شبیر نے اپنے خطاب میں حکومتِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کر رہی ہے اور عوامی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھ رہی ہے۔تقریب میں امریکن آفیشلز نے بھی پاکستانیوں کو انکے جشن کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میلے میں شریک خواتین اور بچوں نے سبز و سفید ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے اور ہر طرف قومی پرچم لہرا رہا تھا۔ حاضرین نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور وطنِ عزیز کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔جبکہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔آزادی کے جشن کو چارچاند لگانے کے لئے معروف گلوکار احمد جہانزیب اور سونیا خان نے اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔
میلے میں شرکاء کے لئے کھانے پینے، ملبوسات اور جیولری کے اسٹالز بھی سجائے گئے جو بچوں بڑوں سمیت خواتین کی توجہ کا مرکز رہے۔تقریب میں ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کے سینئیر ایڈوائزر چودھری اکرم سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔پروگرام کے آخر میں پروگرام کے منتظمین کو سائٹیشنز بھی دی گئیں۔
رنگا رنگ پروگرام نے اسے امریکا میں ہونے والے پاکستانی کمیونٹی کے تاریخی میلے میں شامل کردیا۔اس موقع پر تقریب میں شریک کمیونٹی رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان کے وقار کو بلند کرنے اور نئی نسل کو اپنی اقدار و ثقافت سے جوڑے رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔