ڈیلیس: تاریخی جشنِ آزادی قائد میلہ کل سجے گا
پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکسس کے زیر اہتمام جشن آزادی قائد میلہ کل ہفتے کو سجے گا۔ پاکستان کے نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستان کا جشن آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ پی ایس این ٹی کے زیر اہتمام سالانہ جشن آزادی قائد میلہ کل ہفتے کو فریسکو فلائر ایونٹ سینٹر میں منعقد ہوگا۔ ٹیکسس میں مقیم پاکستانیوں کے لئے منفرد بازار بھی سجے گا جس میں پاکستان کے روایتی کھانے، ملبوسات اور دیگر مصنوعات کے اسٹالز سجائے جائیں گے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی قونصلیٹ جنرل محمد آفتاب چوہدری مہمان خصوصی ہوں گے۔معروف گلوکارہ صائمہ جہاں، انزی ڈی ایکس اور امیر علی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ اسماعیلی بینڈ بھی فن کا مظاہرہ کرے گا۔ قائد میلے میں ہمیشہ کی طرح انٹری اور پارکنگ فری ہوگی۔ پی ایس این ٹی کے نومنتخب صدر نعیم ساکیہ نے ڈیلس فورٹ ورتھ میٹرپلیکس میں مقیم پاکستانی امریکیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس میلے میں بھر پور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس این ٹی نے اپنی روایت کے تحت پاکستانیوں کے لئے یہ میلہ سجایا ہے جس میں پاکستان کے تمام رنگ دیکھنے کو مل جائیں گے۔ اور ہم یہ ثابت کریں گے کہ وطن عزیز سے دور رہ کر بھی پاکستان ہمارے دل پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیں۔