ناساؤ کاونٹی میں یومِ حُسین، نواسہِ رسول کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
نیویارک کی ناساو کاؤنٹی میں میں دوسرے سالانہ امام حسین ڈے کا اہتمام کیا گیا۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول امام عالی مقام کی قربانی نے یہ پیغام دیا ہے کہ کبھی بھی باطل قوت کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔
محرم الحرام میں واقعہ کربلا کی یاد میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی مناسبت سے ناساو کاؤنٹی ایگزیکٹیواینڈ لیجسلیٹیو بلڈنگ میں دوسرے سالانہ امام حسین ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتبِ فکر سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔حسین ڈے کے آغاز پر ذکی شیخ نے تلاوتِ قران پاک کا شرف حاصل کیا۔تقریب میں ناساو کاونٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے چاک و چابند دستے نے سلامی دی ، اس موقع پر مہدی نقوی، عیسیٰ نقوی اور میکائل شاہ نے امریکا کا قومی ترانہ پڑھا۔
حسین ڈے کی نظامت کے فرائض ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو میں افس آف ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے انجام دیے ۔ان کا کہنا تھا کہ دوسری بار ناساو کاونٹی میں حسین ڈے منعقد کرنا کا اعزاز حاصل ہوا ۔یہ امریکا میں سرکاری سطح پر منفرد اہمیت کا بھی حامل ہے۔ اس موقع پر چودھری اکرم، محسن شاہ، جاوید صدیقی، حسنین عزیز اور ریذیڈنٹ عالم ڈاکٹر ڈنگرسی نے خطاب کیا۔
ناساو کاونٹی کے ڈپٹی اٹارنی شہریار علی کا کہنا تھا کہ اس منفرد ایونٹ کا منعقد ہونا پوری کمیونٹی کے لیے باعثِ اعزاز ہے ۔اس موقع پر اہلسنت علما مفتی سجاد مدنی اور علامہ انور علی نے نواسہِ رسول حضرت امام حسین کی سیرت پر روشنی ڈلی اور انھیں خراج ِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر عون نقوی نے کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین، سینئر ایڈوائزر چودھری اکرم اور کمیونٹی سے حسین ڈے کے انعقاد میں تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔قبل ازیں سید حمزہ شاہ، حمزہ رضوی او ر نوشہر جعفری امام عالی کے حضور نذرانہ ِ عقیدت پیش کیا۔